میڈیا کا ذمہ دارانہ اور مصلحانہ کردار قوموں کی تعمیر میں ناگزیر اہمیت رکھتا ہے ، سید اشرف قریشی

جمعہ 4 ستمبر 2015 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) جماعۃ السنہ پاکستان کے مرکزی ناظم اور اہلحدیث ایکشن کمیٹی کے رہنما سید اشرف قریشی اور مرکزی رہنما سید عامر نجیب نے کہا ہے کہ میڈیا کا ذمہ دارانہ اور مصلحانہ کردار قوموں کی تعمیر میں ناگزیر اہمیت رکھتا ہے۔ سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر اسلامی معاشرتی قدروں کی پامالی اور اعلیٰ اخلاقی رہنمائی کے فقدان کے باعث ملک کے نوجوان شدید ذہنی خلفشار اور پراگندگی کا شکار ہیں حکومت ، سول سوسائٹی اور ملک کے دانشور طبقات کو مل کر نئی نسل کی بہترین تربیت کے لئے منظم منصوبہ بندی کرنی چاہئئے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی دفتر میں منعقدہ فکری مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید اشرف قریشی نے کہا کہ مخلوط تعلیمی نظام اور والدین کی بچوں کی تربیت میں غفلت کے باعث دلخراش واقعات جنم لے رہے ہیں جو کسی المیے سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ لوگ غربت سے عاجز اور کسی اندوہناک واقعے سے دل برداشتہ ہو کر خودکشی کیوں کر لیتے ہیں حالانکہ ایک مسلمان جانتا ہے کہ خودکشی قطعی حرام ہے ۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں ہونے والا دو معصوم بچوں کا المناک واقعہ ملک کے نظام تعلیم کی خرابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اس المناک سانحے پر اسمبلی میں تفصیلی غور و خوص ہونا چاہئے اور اس کی روشنی میں نظام تعلیم کی درستگی کے لئے مربوط سفارشات کا تعین اور پھر اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے ۔