اسلام نے حجاب کو عورت کا تحفظ قرار دیا ہے ، سنجیدہ فیاض

جمعہ 4 ستمبر 2015 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء)ناظمہ جماعت اسلامی ضلع غربی سنجیدہ فیاض نے جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جانب سے عشرہ حجاب منانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب مسلمان خواتین کا طرہ امیتاز ہے،حجاب کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔ امت مسلمہ کو بے حیائی کی دلدل میں دھکیلنا اور عورت کو ترقی کی نام بے حجاب کرنا مغرب کی سازش ہے ۔

مغرب اسلامی تہذیب اور ثقافت کی علامات کو مٹانا چاہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم حجاب کے موقع پر دفتر جماعت اسلامی ضلع غربی میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سنجیدہ فیاض نے کہا کہ حیاانسانی فطرت کا خاصہ اور اسلامی کا بنیادی وصف ہے ۔ اسلام نے حجاب کو عورت کا تحفظ قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

حجاب ایک گز کپڑے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک نظام زندگی کی نشاندہی کرتا ہے جس میں خاتون اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہے جو معاشرے کو پاکیزگی اور عزت و تکریم دیتا ہے ۔

عورت کی حقیقی آزادی کا تصور اسلام نے آج سے چودہ سو سال قبل پیش کیا ہے ۔ نام نہاد آزادی کی بات کرنے والی مغربی دنیا عورت کی بے حجابی کو آزادی سے تعبیر کرتی ہے ۔ مغرب نے خواتین کا استیصال کیا ہے جبکہ اسلام نے عورت کو ایک اعلیٰ مقام عطا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حجاب عورت کا حق ہے اس سے یہ حق چھیننا دراصل اس کی آزادی کو چھیننا ہے ۔