لاکھوں افراد کی بے روزگاری پر کراچی کے نمائندے کیوں خاموش ہیں ،یونس بارائی

CNGوچنگ چی کو بحال کیا جائے،مظاہرے سے محمود حامد ،ملک شفیق اور انتخاب عالم سور ی کا خطاب

جمعہ 4 ستمبر 2015 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور امیر جماعت اسلامی کراچی ضلع شرقی یونس بارائی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ حکومتی اہلکاروں نے 2اگست سے سی این جی اور چنگ چی رکشہ بند کرکے لاکھوں محنت کشوں کو بیروزگار ی کے جہنم میں دھکیل دیا ہے مگر شہر کے منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں لوگ مجبوراََ خود سوزیاں کررہے ہیں کراچی کے کروڑوں عوام سستی سواری سے محروم ہوگئے ہیں مگر عوام کے دکھ کا دم بھرنے والے اور حق کا ساتھ دینے کے دعویداروں نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے ۔

وہ آج سی این جی ،چنگ چی رکشہ کی بندش کے خلاف لسبیلہ چوک پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے ۔ مظاہرے سے بحالی ٹرانسپورٹ و روزگار کمیٹی کے صدرمحمود حامد ،سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما شفیق ملک ، پرویز اختر ،سلیم اختر ، سلیم پٹھان ،ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری اور دیگر نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

یونس بارائی نے اپنے خطاب میں رکشہ ورکرز کو یقین دلایا کہ آپ کی جدوجہد میں جماعت اسلامی آپ کے ساتھ ہے اور ہمآپ کے روزگار کی بحالی تک ہم آپ کے ساتھ ر ہیں گے۔

ہمارا قائد اور امیر سراج الحق بھی غریبوں اور محنت کشوں کے ساتھ ہے ، ہم کسی بھی محنت کش کو بیروزگار نہیں ہونے دیں گے ۔ بحالی روز گار وٹرانسپورٹ کمیٹی کے صدر محمود حامد نے کہا کہ کراچی کے عوام اور رکشہ محنت کش بیدار ہیں اور اپنے حقوق کے لیے میدان میں نکلے ہیں انہوں نے کہا کہ غریب آبادیوں میں بجلی نہیں ہے ،پانی نہیں ہے ،صفائی ستھرائی نہیں ہے ۔

ان سب کو ہم نے برداشت کیا مگر اب تم نے اس غریب سے اور اس کے بچے سے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا ہے اور اسے خود کشیوں کے راستے میں دھکیل دیا ہے ۔شہر کے ڈھائی کروڑ عوام کو سستی سواری سے محرام کر کے دھکے کھانے اورگھنٹوں اسٹا پوں پر کھڑا رہنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ہم اس ظلم کو بر داشت نہیں کریں گے ۔ہم نے جدو جہد کا راستہ اختیار کیا ہے اور اﷲ کا شکر ہے کہ کل سپریم کورٹ کے جسٹس مسٹرمقبول باقر اور جسٹس گلزار نے بھی غریبوں کے ساتھ اس ظلم پر بے لگام بیورکریسی سے جواب طلب کر لیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ان شاء اﷲ ظلم کے دن تھوڑے ہیں ۔

انتخاب عالم سوری نے کہا کہ چنگ چی اور CNGرکشوں کی بندش بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔کسی بھی حلال روز ی کمانے والے کو اس کے روزگار سے رو کنا ظلم ہے اور ہم اس ظلم کے خلاف آپ کے ساتھ ہیں اور ان شاء اﷲ آپ کو حقوق دلا ئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ CNGایسوسی ایشن کے رہنماء ملک شفیق نے جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان لاکھوں بے روز گار وں کے روزگا رکی بحالی کے لیے ہمار اساتھ دیا ۔ہم حلال روزی کمانا چاہتے ہیں ۔ہم تمام قانونی تقاضوں کو بھی پورا کر تے ہیں مگر ہمارے ساتھ یہ ظلم کیا جارہا ہے ۔ہمیں اور ہمارے بچوں کو فاقہ کشی کے جہنم میں ڈالا جا رہا ہے جس کے خلاف ہم جدو جہد کر رہے ہیں اور آخر دم تک جدو جہد کر تے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :