ایکنک کی 32 ارب روپے کی لاگت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

واہگہ، طورخم اور چمن بارڈر پر جدید کمپیوٹرائزڈ آن لائن ٹرانزٹ ٹریڈ سسٹم نصب کرنے، 3000 افغان طلبہ کو سکالر شپ دینے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حویلیاں تا تھاکوٹ سیکشن پر موٹروے کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کیلئے 6 ارب 86کروڑ روپے کے منصوبے شامل

جمعہ 4 ستمبر 2015 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک) نے 32ارب روپے کی لاگت سے واہگہ، طورخم اور چمن بارڈر پر جدید کمپیوٹرائزڈ آن لائن ٹرانزٹ ٹریڈ سسٹم نصب کرنے، 3000 افغان طلبہ کو سکالر شپ دینے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حویلیاں تا تھاکوٹ سیکشن پر موٹروے کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کیلئے 6 ارب 86کروڑ روپے کے منصوبے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔

جمعہ کی شام قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک)کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا، جس میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے طور خم، چمن اور واہگہ بارڈر پر جدید آن لائن کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جس پر کل لاگت 31ارب 68کروڑ 62لاکھ روپے آئے گی جبکہ مذکورہ منصوبے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک25کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا بقیہ رقم حکومت پاکستان ترقیاتی بجٹ سے خرچ کرے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شروع کئے گئے 300افغان طلباء و طالبات کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں سکالر شپ دینے کے منصوبے کی منظوری دی گئی جس پر وفاقی حکومت 4 ارب 20کروڑ 15لاکھ 41ہزار روپے خرچ کرے گی۔ واضح رہے کہ مذکورہ منصوبے کیلئے دو ارب 50کروڑ 45لاکھ 41ہزار روپے کے فنڈز پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔ ایکنک کے اجلاس میں گلگت بلتستان میں زراعت کے فروغ کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت 12ارب 31 کروڑ 55لاکھ روپے کی لاگت سے زمین کو قابل کاشت بنانے اور کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر کی مختلف سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔

مذکورہ منصوبے کیلئے بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی 8 کروڑ 99لاکھ 80ہزار ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ ایکنک نے پنجاب حکومت کے منصوبے جس کے تحت پنجاب پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول اور مواصلاتی سسٹم میں بہتری لائی جائے گی، کی بھی منظوری دی۔ مذکورہ منصوبے پر صوبائی حکومت 13ارب 81کروڑ 76لاکھ 99ہزار روپے خرچ کرے گی جبکہ اجلاس میں 23ارب 59کروڑ 49لاکھ 11ہزار روپے کی لاگت کے منصوبے یعنی وزیراعظم یوتھ ٹریننگ سکیم 2015-18 اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حویلیاں تا تھاکوٹ سیکشن پر موٹروے کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کے منصوبے کی منظوری دی جس پر 6ارب 85کروڑ 90لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بلوچستان میں یک مچھ تا خاران روڈ کی تعمیر کے 13ارب 75کروڑ80لاکھ روپے کی لاگت کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ یہ دونوں منصوبے نیشنل ہائی وے اتھارٹی مکمل کرے گی۔ اس کے علاوہ تھر میں لگائے جانے والے کول پاور منصوبوں کو پانی کی فراہی کیلئے مکھی فراش لنک کینال منصوبے کی منظوری دی گئی جس پر 10ارب 61کروڑ 24لاکھ روپے لاگت آئے گی اور صوبہ پنجاب میں شادی کورڈیم اور گھبیر ڈیم منصوبوں پر نظرثانی کی منظوری دی گئی۔