مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی،تبدیل کے جھوٹے دعوے کرنے والوں کو ایک بارپھر شکست کا سامناکرنا پڑیگا،ساجد عباسی

جمعہ 4 ستمبر 2015 21:49

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری ساجد عباسی نے کہاہے کہ مخالفین کے منفی پروپیگنڈے اور جمہوریت کش پالیسیوں کے باوجود پاکستان مسلم لیگ(ن) کی عوامی مقبولیت برقرار ہے،پاکستان مسلم لیگ(ن)گذشتہ انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی،تبدیلی کے نعرے اور جھوٹے وعدے کرنے والوں کو ایک بارپھر شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں ساجد عباسی نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عام انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے ان کو پورا کررہی ہے،حکومت اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے بلدیاتی انتخابات کرنے میں مخلص ہے، کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں،حکومت عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے اور نچلی سطح پر اقتدار کی منتقلی میں رکاوٹ نہیں بنے گی-مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ حکومت نے عوام کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک میں لے جانے کا عزم کررکھا ہے،ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،سابق ادوار میں ملکی وسائل کا بے دریغ استعمال کیاگیا لیکن عوام کے حقوق کو پس پشت ڈالا گیا-ایم ساجد عباسی نے کہاکہ شریف برداران کی قیادت میں ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہوچکا ہے،وزیراعظم میاں نوازشریف جب بھی اقتدار میں آئے ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اور ملک میں امن وامان کاقیام عمل میں آیا اور حالیہ دور بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے،پوری قوم اس بات کی گواہ ہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف دن رات ملک کی خدمت کررہے ہیں-

متعلقہ عنوان :