کاہنہ میں فیکٹری کی چھت گرنے سے مزدوروں کی ہلاکت افسوسناک سانحہ ہے ‘عوامی تحریک

فیکٹری مالکان کے ساتھ مزدوروں کی ہلاکت کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے‘رہنماؤں کا مشترکہ بیان

جمعہ 4 ستمبر 2015 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے انچارج چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید،راجہ زاہد و جنرل سیکرٹری عارف چوہدری نے کاہنہ میں فیکٹری کی چھت گرنے سے مزدوروں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اس طرح کے افسوس ناک حادثات پہلے بھی کئی بار ہو چکے ہیں اور آج پھر اتنا بڑا افسوسناک سانحہ ہو گیا ہے ۔

عمارتوں اور فیکٹریوں کا معیار چیک کرنے والے حکومتی ادارے کہاں ہیں ؟ فیکٹری مالکان کے ساتھ مزدوروں کی ہلاکت کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے ، محنت کشوں کی ہلاکت پر نام نہاد خادم اعلیٰ اور انکی ٹیم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔رہنماؤں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایات پر عوامی تحریک اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اپنے زخمی بھائیوں کو خون کے عطیات دئیے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی قائدین نے محنت کشوں کی ہلاکت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حادثے کے اسباب کا فوری جائزہ لیا جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے ، عوامی تحریک کے قائدین نے کہا کہ ہلاک ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں ۔

متعلقہ عنوان :