ظلم کا خاتمہ ، امن کا قیام اور انصاف کی فراہمی قرآن کی تعلیمات عام کرنے اور اسلامی نظام کے نفاذ میں ہیں،پروفیسرابراہیم

جمعہ 4 ستمبر 2015 20:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسرمحمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ظلم کا خاتمہ ، امن کا قیام اور انصاف کی فراہمی قرآن کی تعلیمات عام کرنے اور اسلامی نظام کے نفاذ میں ہیں ،ہمارے لئے آئین اور نظام قران و سنت ہیں۔ عوام جاگ گئے ہیں بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواران کی کامیابی عوام کے بھر پور اعتماد کا مظہر ہے ۔

مردان کے دو تحصیلوں میں جماعت کے امیدواران کی کامیابی نیک شگون ہے ۔ فہم قرآن وسنت کلاسز عوام کے لئے اﷲ کی نعمت اور رحمت ہے۔ اس میں عوام کا جم غفیر قرآن و سنت کے ساتھ والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں مردان میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فہم قرآن وسنت کلاس کے آخری درس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر ضلع مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمان اور مدرس مولانا قاری انورعلی نے بھی خطاب کیا۔

پروفیسرمحمد ابراہیم خان نے کہا کہ ملک میں موجود تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے۔ قرآن پوری انسانیت کے لئے ہدایت کا چشمہ ہے ۔ اس کے پیغام کو عام کرنے اور اس کے تعلیمات سے عوام کو خبردار کرنے کے لئے فہم قرآن کا سلسلہ ایک مبارک مہم ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پوری قرآن کو سیکھیں اور اس پر عمل درآمد کرکے اس کو ملک کا دستور اور آئین بنائیں ۔

صوبائی امیر نے کہا کہ امن کا قیام اور ظلم کرپشن اور ناانصافی کے خاتمے کے لئے اسلامی قوانین کا نفاذ لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیا اور پردہ صرف ایک کلچر نہیں بلکہ اﷲ تعالیٰ کا ایک حکم ہے جو مرد اور خواتین دونوں کے لئے یکساں ہے۔ قرآن میں جہاں خواتین کو پردے کا حکم دیا گیا ہے وہاں مرد کو بھی اپنی نگاہیں نیچے کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔باحیا مرد و عورت ہی مسلم معاشرے کی پہچان ہے ۔