بھارت چونڈہ کے مقام پر ملنے والی عبرتناک شکست یاد رکھے ‘اس نے دوبارہ پاک وطن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت کی تو اس کا نام صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے‘ 1965ء کی جنگ میں حصہ لینے والے غازیوں کا بھارت کو پیغام

جمعہ 4 ستمبر 2015 20:21

چونڈہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) 1965ء کی جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں کے جذبے آج بھی جوان ہیں کہتے ہیں کہ بھارت چونڈہ کے مقام پر ملنے والی عبرتناک شکست یاد رکھے اگر اس نے دوبارہ پاک وطن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت کی تو اس کا نام صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔تفصیلات کیمطابق بھارت نے چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ کو اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لیے پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کو ایسے ناکوں چنے چبوائے کہ وہ صدیوں تک اس شکست کی ٹیسیں محسوس کرے گا۔

چونڈہ کے مقام پر ارض وطن کا چپہ چپہ اس بات کا گواہ ہے کہ کس طرح اس کے فرزندوں نے دشمن کی کمر توڑی،اسی جگہ پر موجود شہداء کی قبروں سے منسلک شہداء پارک میں بھارتی فوج کے سورماؤں کی جانب سے دم دبا کر بھاگنے کے دوران چھوڑے گئے ٹینکوں میں سے ایک ٹینک چونڈہ اپنی فوج کی عبرتناک شکست کی کہانی سناتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ وہیں پاک فوج کا طیارہ زبان حال سے بیان کر رہا ہے کہ کس طرح اس نے بھارتی فوج کو دھول چٹائی تھی۔

پارک میں موجود مادر وطن کے غازیوں کا کہنا ہے کہ ان کے جذبے آج بھی جوان ہیں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے صرف امن کے دنوں میں گولہ باری کی جاتی ہے جس پر ان کا خون کھولنے لگتا ہیجوان جذبوں کے ساتھ انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی دشمن کو 1965ء سے بڑی شکست دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔پاک فوج کے ایک بہادر سپوت نے کہا کہ بھارتی فوج ہمیشہ پیچھے سے وار کرنا جانتی ہے اگر اس میں ہمت ہے تو سامنے سے وار کرے۔

بھارتی فوج نے چونڈہ کے محاذ پر چھے سو ٹینکوں کے ساتھ حملہ کیا تھا لیکن شرمناک شکست ملنے پر وہ ایسے دم دبا کر بھاگے کہ وہ ٹینک تو کیا اپنے ساتھیوں کی لاشیں بھی اپنے ساتھ واپس لے جانے کی ہمت نہ کر سکے۔مادر وطن کے دفاع کرتے ہوئے شاہینوں نے جرآت اور بہادری کی ایسی داستان رقم کی کہ چونڈہ کا محاذ بھارتی فوج کا شمشان گھاٹ ثابت ہوا۔

متعلقہ عنوان :