ملک شکیل اعوان کا لیاقت باغ، لیڈیز لیاقت پارک ، چلڈرن پارک کمیٹی چوک کا دورہ، شہریوں کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

جمعہ 4 ستمبر 2015 19:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) سابق رکن قومی اسمبلی ممبر وزیراعلیٰ عمل درآمد کمیٹی پاکستان میٹروبس سروس ملک شکیل اعوان نے راولپنڈی شہر کے پارکوں لیاقت باغ ، لیڈیز لیاقت پارک اور چلڈرن پارک کمیٹی چوک کا دورہ کیا ۔ دورہ کے موقع پر سابق ناظمین راجہ مشتاق احمد ، مقبول احمد خان ، چوہدری محمد افضل ،ذیشان احمد خان ، جمیل مغل اور ملک طاہر محمود انکے ہمراہ تھے ۔

شہریوں اور نوجوانوں نے اُنکی توجہ لیاقت باغ کے ٹریک کی طرف دلوائی جو گزشتہ ایک سال سے ’’ واک ‘‘ کے قابل نہیں رہا، لیڈیز لیاقت پارک اور چلڈرن پارک کمیٹی چوک کی حالت زار قابل رحم ہے۔ لیاقت باغ تا کمیٹی چوک گزشتہ روز ٹریفک سگنل نصب کردئیے گئے مگر سپیڈ بریکر اور فٹ برج نہ ہونے کی وجہ سے سکولوں کے بچے اور عام شہری بلخصوص خواتین آئے روز حادثات کا شکار ہو رہے ہیں مری روڈ پر سڑک کی تعمیر نو کے بعد ٹریفک کی سپیڈ بہت زیادہ ہو گئی ہے اس لئے ضروری ہے کہ سڑک کے درمیانی حصّہ میں جنگلے نصب کئے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکیں انہوں نے عوامی شکایات دور کرنے کیلئے پارکو ں میں آنے والے شہریوں ،بچوں اور خواتین کو بہترین ماحول کے ساتھ سہولتیں مہیا کرنے اور پارکوں کی حالت کو فوری طور پر بہتر بنانے اور مری روڈ پر سکولوں کے سامنے کیٹ آئی لگانے کے لئے DG پی ایچ اے کو ہدایت جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ اندرون شہر پارکوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے ،لیاقت باغ تا کمیٹی چوک کے درمیان سکول کے بچوں کو سڑک کراسنگ کے لئے فٹ برج مہیا کرنے اور مری روڈ کے درمیانی حصّہ میں جنگلے نصب کرنے کے حوالے سے مفصل رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور کمشنر راولپنڈی کو ارسال کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی راولپنڈی شہر سے خصوصی دلچسپی کے سبب موجودہ حکومت کے دو سال کے مختصر مدت میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام مکمل ہونے کے ساتھ اربوں روپے کی لاگت سے باقی ماندہ کاموں پر دن رات کی بنیاد پر کام جاری ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن اپنے مینڈیٹ کے مطابق 2018ء تک کے اقتدار کے دوران راولپنڈی کو بنیادی مسائل سے پاک شہر بنانے میں کامیاب ہو جائیگی ۔