کس قانون کے تحت مخصوص اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروائے جا رہے ہیں‘لاہور ہائیکورٹ

بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت سمیت فریقین سے 11ستمبر تک جواب طلب

جمعہ 4 ستمبر 2015 19:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت سمیت فریقین سے 11ستمبر تک جواب طلب کر لیا ۔گز شتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے پاکستان جسٹس پارٹی کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل ملک منصف اعوان نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں جو بدنیتی پر مبنی ہے اور اس کے ذریعے حکمران جماعت دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔

پنجاب کے ان اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروائے جا رہے ہیں جہاں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوئی جبکہ جن اضلاع میں مخالف جماعت کو کامیابی حاصل ہوئی ان میں انتخابات کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ عدالت حکم دے کہ پنجاب میں مرحلہ وار کی بجائے ایک ساتھ بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ عدالت نے درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے کہ کس قانون کے تحت مخصوص اضلاع میں انتخابات کروائے جا رہے ہیں ۔ عدالت نے فریقین سے 11ستمبر تک تفصیلی جواب طلب کر لیا۔