پنگریو اور گرد ونواح کے علاقوں میں دو روز سے جاری گرمی کے بعدبارش ،گرمی کی شدت میں کمی آگئی

جمعہ 4 ستمبر 2015 19:24

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پنگریو اور گرد ونواح کے علاقوں میں دو روز سے جاری گرمی کے بعد جمعہ کے روز بارش ہوئی جس کی وجہ سے گر می کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا پنگریو کے علاوہ دیگر ملحقہ علاقوں ملکانی شریف، خلیفو قاسم، جھڈو، حیات خاصخلی، گوٹھ حاجی دین محمد ، زیرو پوائنٹ، نیوی چک اور ستوں میل میں بھی بارش ہوئی بعض علاقوں میں تیز اور بعض میں ہلکی بارش ہونے کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھی جمع ہو گیا بارش شروع ہوتے ہی حیسکو کی جانب سے پنگریو فیڈر کے تین سو سے زائد قصبوں اور دیہاتوں میں بجلی کی سپلائی بند کر دی گئی جو کہ خبر لکھے جانے تک بحال نہیں ہوئی تھی زرعی ماہرین کے مطابق موجودہ بارش کے باعث کٹائی کردہ دھان، چنائی کی جانے والی پھٹی اور مرچ کی فصلوں کو نقصان پہنچے گا جبکہ کھڑی فصلوں کوفائدہ ہوگا پنگریو سے متصل صحرائے تھر پار کر کے بعض علاقوں میں بھی تیز اور بعض میں ہلکی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تھری باشندون نے رابطہ کر نے پر بتایا کہ موجودہ بارش سے تھر پار کر کے علاقوں کو فائدہ پہنچے گا اور معمول کی بارش کے باعث گھاس، سبزہ اور چارہ اُگنے کے امکانات ہیں ڈیڑہ ماہ قبل ہو نے والی تیز بارشوں کے بعد تھری علاقوں میں گھاس اور سبزہ اُگ نہیں سکا تھا جس کی بڑی وجہ معمول سے زیادہ اور زور دار بارشیں ہونا بتائی گئی تھی تاہم تھری باشندوں نے موجودہ بارش کو معمول کی بارش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارش سے صحرائی علاقوں میں سبزہ، چارہ ، پھوٹنے کے ساتھ ساتھ روائتی تھری فصلیں باجرہ، گوار، مونگ ، تل کی بڑھوتری ہونے کے امکانات ہیں تھری اور بیراجی علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور باران رحمت کا لطف اٹھایا بارش کے بعد ہوٹلوں اور تفریح مقامات پر لوگوں کے رش میں اضافہ ہوگیا خاص طور پر پکوڑوں، سموسوں، جلیبیوں کی خریدوفروخت اور چائے کی طلب کافی بڑھ گئی اور حلوائیوں کو ہنگامی طور پر مزید جلیبیاں، پکوڑے اور سموسے بنانا پڑے

متعلقہ عنوان :