پی اے ایف بیس مسرور پر شہری سہولتیں بہتر بنانے کا فیصلہ

پاک فضائیہ قومی دفاع کا اہم ادارہ ہے، پی اے ایف بیس مسرور کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے ،کمشنر کراچی

جمعہ 4 ستمبر 2015 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی نے پی اے ایف بیس مسرور کے شہری سہولتوں سے متعلق مسائل کے حل کے لئے فوری نوعیت کے اقدامات کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں ایک اجلاس میں پی اے ایف بیس مسرور کے مسائل کے حل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ جس میں آفیسر کمانڈنگ ایڈمنسٹریشن ونگ کمانڈر سلمان رضوی،سینئر ڈائریکڑ میونسپل سروسز مسعو د عالم، ڈائریکڑ پلاننگ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن حیدر علی، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے افسران ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے چیف انجینئرز ،پاکستان ریلویز ،سائٹ لمیٹڈ کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر ماری پور بھی اس موقع پر مو جو د تھے۔

کمشنر نے کہا کہ پاک فضائیہ قومی دفاع کا اہم ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

پی اے ایف بیس کے مسائل حل کر نا قومی خدمت کے مترادف ہے۔ پی اے ایف بیس پر بہتر سہولتوں کی فراہمی سے یو م دفاع اور یوم فضائیہ کی تقریبات کے انعقاد میں سہولت حا صل ہو گی ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پی اے ایف بیس کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کر نے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں پی اے ایف بیس میں پانی کی شدید قلت دور کر نے، اطراف میں کچرہ کی وجہ سے پرندوں کے اڑنے اور پرندوں کی وجہ سے پروازوں کو درپیش مشکلات ، ماری پور روڈ پربے ہنگم ٹریفک اور سیوریج کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس نے بیس کے نزدیک کچرہ کی وجہ سے پرندوں کے اڑنے اور پرندوں کی وجہ سے طیاروں کو پروازوں میں پیش آنے والی مشکلات کا نو ٹس لیا ۔ عید الاضحیٰ پر قربانی کے آلائشیوں کی وجہ سے ان مشکلات میں اضا فہ کے خدشات پر بھی غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پر پی اے ایف بیس کے نزدیک کچرہ ڈالنے پر پابندی عائد ہو گی ۔ بیس کے نزدیک یا لینڈ فل سائٹ کے علاوہ کسی بھی جگہ کچرہ ڈالنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جا ئے گی۔

فیصلہ کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر اس سلسلہ میں کارروائی کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچرہ صر ف لینڈ فل سائٹ پر ڈالا جائے گا۔ اس ضمن میں کچرہ ڈالنے والی گاڑیوں کو سرٹیفکٹ جاری کر نے کا نظام بنا یا جا ئے گا۔کچرہ اٹھانے والی ہر گاڑی کے لئے لازمی ہو گا کہ وہ لینڈ فل سائٹ سے اس بات کا سر ٹیفکٹ حا صل کر ے کہ اس نے اس جگہ کچرہ ڈالا ہے جو سرٹیفکٹ حا صل نہیں کر ے گا ۔

اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اس نے غیر قانونی طور پر کہیں بھی راستہ میں کچرہ پھینک دیا ہے۔جبکہ سر ٹیفکٹ اس بات کی ضمانت ہو گا کہ اس نے مقررہ مقام پر کچرہ ڈالا ہے۔ لہذا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔جبکہ سینئر ڈائریکڑ میونسپل سروسز اس نظام کو قائم کر نے اور اس فیصلہ پر عملد رآمد کرانے کے ذمہ دار ہوں گے۔اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام گاڑیاں کچرہ سوائے لینڈ فل سائٹ پر ڈالیں ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک پانی کی لائنوں کے ذریعے پی اے ایف بیس مسرور پر پانی کی فراہمی کی ضروریات پور ی نہیں ہوتیں ٹینکروں کے ذریعے ہر ہفتہ ایک لاکھ گیلن یا کم از کم ایک سو ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا ئے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماری پو ر روڈ پر کانٹا فور ی طور پر ہٹایا جائے گا تاکہ ماری پور روڈ پر ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جا سکے اسسٹنٹ کمشنر ماری پور روڈ فوری کارروائی کریں گے اور کانٹا ضبط کریں گے۔ اجلاس میں سیوریج کے مسائل کے حل کر نے کے لئے فیصلہ کیا گیا واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور نالوں کی صفائی کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی فوری نوعیت کے اقدامات کریگی۔

متعلقہ عنوان :