ڈاکٹر حسن مبین عالم کے گھر حملے پر آسا کا اظہار مذمت، وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعہ 4 ستمبر 2015 19:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نائب صدر پروفیسرڈاکٹر عابد حسین چوہدری، سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین اور دیگر عہدیداران نے آسا کے صدرو، پرنسپل ہیلی کالج آف کامرس ڈاکٹر حسن مبین عالم کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کرنے اور ان کے گھر کے باہر کھڑی گاڑی کی توڑ پھوڑ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ غنڈہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے یونیورسٹی کو ایسے عناصر سے پاک کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈاکٹر حسن مبین عالم کے گھر وارڈن ہاوٗس ہاسٹل نمبر 17 کے باہر ان کے مہمانوں کی گاڑی کھڑی تھی کہ رات دس بجے کے قریب چند لڑکوں نے ان کے گھر پر پتھراوٗ کیا اور باہر کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا کر فرار ہو گئے۔ ڈاکٹر عابد حسین اور ڈاکٹر محبوب حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی یہی غنڈہ عناصر یونیورسٹی میں بد امنی کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :