گجو متہ میں گارمنٹس فیکٹری کی تیسری منزل کی چھت گرنے سے 4محنت کش ملبے تلے دب کر جاں بحق ،16شدید زخمی ،دو کی حالت تشویشناک

فیکٹری ملازمین اپنے کام کاج میں مصروف تھے بوسیدہ حال چھت ان کے اوپر آ ن گری ،فیکٹری منیجر سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے فیکٹری کی چھت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی،وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے انکوائری کا حکم دیدیا

جمعہ 4 ستمبر 2015 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ گجو متہ میں گارمنٹس فیکٹری کی تیسری منزل کی چھت گرنے سے 4محنت کش ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ 16شدید زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ،فیکٹری ملازمین اپنے کام کاج میں مصروف تھے کہ بوسیدہ حال چھت ان کے اوپر آ ن گری ،پولیس نے فیکٹری کے منیجر سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیکٹری کی چھت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔

تفصیلات کے مطابق گجومتہ روہی نالے کے قریب واقعہ جینز بنانے والی گارمنٹس فیکٹری میں محنت کش اپنے کام میں میں مصروف تھے کہ تیسری منزل کی بوسیدہ حال چھت زور داردھماکے سے گر گئی جس کے نتیجے میں 20سے محنت کش ملبے تلے دب گئے ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی قریبی آبادی کے لوگ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کرکے زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکال کر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم 4محنت کش طبی امداد ملنے سے قبل ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 16کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔

عینی شاہدین کے مطابق فیکٹری کی چھت کچی تھی اورگزشتہ روز ہی اس پر تین ٹرالیاں مٹی ڈلوئی گئی تھی جبکہ چھت پر بھاری مشینری بھی موجود تھی جس کی وجہ سے چھت بوجھ نہ اٹھا سکی اور نیچے آن گری۔ذرائع نے مزید بتایا کہ فیکٹری میں عام طور پر 500سے زائد وورکرز کام کرتے تھے لیکن آج جمعہ کی وجہ سے زیادہ تر ملازمین نماز کی ادائیگی کیلئے گئے ہوئے تھے اور صرف 45کے قریب محنت کش کام کررہے تھے ۔

فیکٹری کی چھت اچانک گرنے سے بھگدڑ مچ گئی ۔ایدھی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 30 سالہ طارق ،30 سالہ محمد علی ،21 سالہ محمد بوٹا اور 27سالہ شہزاد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 25سالہ طفیل ارشد،20سالہ تنویر منیر،30سالہ بوٹا بشیر ،29سالہ یوسف تاج محمد،20سالہ محسن یوسف،صابرعاشق ،25 سالہ منیب الرشید، عمران اکبر،26سالہ کاشف اشرف،28سالہ عمران رمضان ،24سالہ فریاد عبدالستار،25سالہ عرفان زاہد ،30سالہ زاہد ،30سالہ کاشف جمیل،عابد حنیف اور ایک 70سالہ نامعلوم شخص شامل ہیں۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے جنرل ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایات دیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گجومتہ میں گارمنٹس فیکٹری کی چھت گرنے سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کو تمام زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے روہی نالہ کے قریب گارمنٹس فیکٹری کی چھت گرنے کے واقعہ میں مزدوروں کی ہلاکت پر ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر لاہور سید حسنات جاوید کو فوری انکوائری کا حکم دے دیاہے۔انہوں نے ڈی او لیبر حسنات جاوید کو ہدایت کی ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے حادثے میں مزدوروں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروئی کرتے ہوئے فیکٹری کے منیجر احمد سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا مقدمہ فیکٹری مالکان کیخلاف درج کیا جائے گا ۔