حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ ٹیکس لگا رکھا ہے، ممتاز اختر کاہلوں

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا ہے کہ پٹرول کی اصل قیمت 40‘ ڈیزل کی 39 روپے لیٹر ہے ،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ ٹیکس لگا رکھا ہے ،پاک فوج کراچی میں جس طرح بھتہ خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کررہی ہے، اسی طرح وہ ان حکومتی بھتہ خوروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائے جو پٹرول اور ڈیزل کی مد میں قوم کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت قوم سے روزانہ 1 ارب 15 کروڑ کا ٹیکس بھتے کی صورت میں وصول کررہی ہے ٹیکس لگانا حکومت کا کام ہے مگر بھتہ لینا حکمرانوں کا کام نہیں حکومت پٹرول کی اصل قیمت 40 اور ڈیزل کی 39 روپے مقرر کرکے غریب عوام پر احسان کرے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاً پنجاب میں جو وزیر اعلیٰ گڈ گورننس کا رونا روتے نہیں تھکتے وہاں پر شہریوں کو حرام گوشت اور ملاوٹ شدہ اشیاء کھلائی جارہی ہیں لوٹمار کرنیوالوں کو تحفظ دینا جمہوریت سے دشمنی کے مترادف ہے کرپٹ سیاستدانوں کے سیاہ کارناموں کی وجہ سے عوام کا سیاست پر اعتبار ختم ہوتا جارہا ہے مایوس کن کارکردگی کے سبب حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرتی نظر نہیں آرہی اب پنجاب میں کرپشن کیخلاف جب ہاتھ ڈالا جائیگا تو حکمرانوں سمیت تمام کرپٹ عناصر کی چیخیں نکل جائینگی ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ 4 میں سے 3 حلقوں میں دھاندلی سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا موقف درست تھا۔