حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو استعفے واپس نہیں لیں گے ،الطا ف حسین کے خطاب پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے ہمار مطالبہ کراچی آپریشن کا خاتمہ نہیں اس کا قبلہ درست کرنے کاہے

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹرفاروق ستار کی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ہم کراچی آپریشن کو ختم کرنے کا نہیں کہہ رہے ،آپریشن کا قبلہ درست کرنے کا کہہ رہے ہیں،ہم نے کبھی آپریشن بند کرنے کی بات نہیں کی، الطا ف حسین کے خطاب پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے،مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو استعفے واپس نہیں لیں گے۔

جمعہ کو متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹرفاروق ستار نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی آپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے ،استعفوں کے بعد مذاکرات کے تین دور چلے لیکن کچھ حاصل نہ ہوا ،جب کہیں سنوائی نہیں ہوئی تو ہم نے اسمبلیوں سے استعفے دیئے،ہم مذاکراتی عمل سے بھی احتجاجاََ باہر آ ئے ہیں۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ ہر فورم پر اپنے مطالبات کے لئے آوارز اٹھاتے رہیں گے ،ہم آپریشن کے قبلہ کو درست کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن میں انصاف کے تقاصے پورے نہیں کئے جا رہے ،ایم کیو ایم ایک پر امن سیاسی جماعت ہے ،ہمارا مطالبہ ہے ایم کیو ایم کے ساتھ انصاف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ الطا ف حسین کے بیان پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے،ہم نے کبھی آپریشن بند کرنے کی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ چار دن میں ایم کیو ایم کے ایک درجن سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ،آج گرفتار کئے گئے کارکنوں کو قانون کے مطابق کل پیش کر دیا جانا چاہیے ،جن کارکنوں کو گرفتار کیا گیا وہ اپنے گھروں پر سو رہے تھے ،ہماری فلاحی سرگرمیوں پر پابندیاں لگا ئی گئیں۔