دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کیلئے خاک میں ملا دیا گیا ہے،سردارمہتاب

شمالی پاکستان کی حسن کی نظیر دنیا میں ملنا مشکل ہے،شمالی خطے میں عالمی معیار کے مطابق ٹاون پلاننگ ڈرینیج سسٹم ، قدرتی ماحول بشمول جنگلات ،آبی وسائل کو منظم انداز میں یقینی بناناچاہئے، آپریشن ضرب عزب ،دیگر آپریشنز میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادتوں ،عوام کی قربانیوں کے نتیجے میں مثالی ،پائیدار امن کا قیام تکمیل کے مراحل میں ہے،گورنرخیبرپختونخوا

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) گورنرخیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ شمالی پاکستان کو قدرت نے جو حسن عطا فرمایا ہے اس کی نظیر اس دنیا میں ملنا مشکل ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پورے شمالی خطے میں عالمی معیار کے مطابق ٹاون پلاننگ ڈرینیج سسٹم اور قدرتی ماحول بشمول جنگلات ا ور آبی وسائل کو منظم انداز میں یقینی بنایا جائے ۔

وہ جمعہ کے روز شاہی گراؤنڈ کالام میں پانچویں سوات ٹوریزم اینڈ ٹریڈفیسٹیول کے دوسرے روز ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جی اوسی سوات میجر جنرل نادر خان ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کپٹن ریٹائرڈ لقمان اور ڈی آئی جی آزاد خان کے علاوہ اعلیٰ سول اور فوجی افسران بھی موجود تھے۔ گورنر نے کہا کہ سوات فیسٹیول اس امر کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کیلئے خاک میں ملا دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان جو دنیا کا واحد اسلامی طاقت ہے نے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریشن ضرب عزب اور دیگر اپریشنز میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادتوں اور عوام کی قربانیوں کے نتیجے میں ایک مثالی اور پائیدار امن کا قیام تکمیل کے مراحل میں ہے۔ گورنر نے کالام فیسٹیول کو شندور کی طرح مستقل ایونٹ بنانے پر زور دیا ۔

انہوں نے شاہی گراؤنڈ کو آرمی معیار کی فیسٹیول گراونڈ کی طرح آراستہ کرنے کی تجویز پر کہا کہ اس منصوبے پر ضرور غور کیا جائیگا۔ گورنر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کالام فیسٹول ہر سال بہتر سے بہتر ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے پاک فوج ، سول انتظامیہ اور فیسٹیول کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اورفیسٹول میں حصہ لینے والے ٹیموں کیلئے دس لاکھ روپے گرانٹ کے علاوہ چترال متاثرین کی بحالی کیلئے بھی دس لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے چترال سکاؤٹس کی جانبازانہ کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں گورنر نے گراؤنڈ میں نمائش کیلئے لگائے گئے دفاعی آلات ، دستکاریوں اور تمام شعبوں کے لگائے گئے ثقافتی سٹالوں کو معائنہ کیا ۔ فیسٹیول کے دوسرے روز کی تقریب میں جی او سی سوات نے خطبہ استقبالیہ پیش کیااور امن کے قیام و فیسٹیول کے انعقاد کی کوششوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

اسکے بعد قاضی طفیل اور قاضی ارسلان نے پاکستانی پرچم فضا میں پیرا گلائیڈنگ کے ذریعے لہرایا ۔ آرٹلری بینڈ نے قومی اور پشتو نغمے پیش کئے ۔ پاک آرمی کے کمانڈوز نے حیرت انگیز مظاہرے کئے ۔ چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت ، بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافتی طائفوں نے ثقافتی رقص پیش کئے ۔ ملٹری ٹریک رائیڈرز نے موٹر سائیکلوں پر حیرت انگیز کراتب دکھائے ۔ نیزہ بازی کا شاندار مظاہرہ اور گھوڑا ڈانس بھی ہوا۔ کیڈٹ کالج سوات کے کیڈٹس نے اتھلیٹکس کا مظاہرہ کیا جبکہ محسود اور خٹک ڈانس نے بھی حاضرین کو بہت محظوظ کیا۔ یادررہے کہ یہ فیسٹیول 7ستمبر تک جاری رہیگا ۔

متعلقہ عنوان :