خاران بارایسوسی ایشن کے سابق صدر میر قادر علی سیاپاد سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ(ق) میں شامل ہوگئے

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء)سابق صدر خاران بارایسوسی ایشن اور سیاسی و سماجی رہنما میر قادر علی سیاہ پاد ایڈووکیٹ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی مینگل سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میر عبدالکریم نوشیروانی اور فرزند خاران میر شعیب نوشیروانی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور ان کی قیادت میں ضلع خاران میں (ق) لیگ کو مزید فعال بنائیں گے۔

یہ اعلان انہوں نے کوئٹہ میں میر عبدالکریم نوشیروانی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما میر شوکت بلوچ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی خاران میر نور الدین نوشیروانی بھی موجود تھے میر قادر علی سیاہ پاد ایڈووکیٹ نے کہا کہ خاران میں عوامی نمائندگی اور خدمت خلق کے مقابلے میں میر عبدالکریم نوشیروانی کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کریم نوشیروانی صرف سیاستدان یا لیڈر نہیں بلکہ ایک سیاسی و سماجی اکیڈمی ہیں ہم نے کافی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ خاران کی سیاست میں میر عبدالکریم نوشیروانی اور فرزند خاران شعیب نوشیروانی کے سوا ایسا کوئی سیاستدان نہیں جو کہ عوام و خاص کی دسترس میں ہو اور جو تعصب و تنگ نظری کی سیاست سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہو ان تمام چیزوں کو مدنظر رکھ کر ہم نے کریم نوشیروانی اور شعیب نوشیروانی کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ خاران کی خدمت کیلئے یہ پلیٹ فارم سب سے زیادہ مناسب ہے ہم خاران کے عوام تمام مفادات و ذاتی و گروہی اغراض سے بالاتر ہو کر میر کریم نوشیروانی اور شعیب نوشیروانی کی سیاست کو نہ صرف زندہ رکھیں گے بلکہ انکے ہاتھ مضبوط کریں گے اور مسلم لیگ (ق) کو نہ صرف ضلع میں بلکہ بلوچستان میں فعال کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔