نادرا، اورنگی ٹاؤن کے دفتر میں کرپشن کا خاتمہ اور شناختی کارڈ کے حصول کو آسان بنایا جائے، پاسبان

جمعہ 4 ستمبر 2015 17:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پاسبان اورنگی ٹاؤن کے رہنما ظفر اقبال نے کہا ہے کہ نادرا، اورنگی ٹاؤن کے دفتر میں شہریوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک روا رکھا جاتا ہے تاکہ شہری نادرا آفس کے باہر موجود ایجنٹوں کو پیسے دے کر قومی شناختی کارڈ بنوا ئیں ۔ اورنگی ٹاؤن کے رہائشیوں کے ساتھ نادرا عملے کے ناروا سلوک اورشناختی کارڈ نہ بنانے کے مختلف غیرقانونی حربوں کے خلاف پاسبان اورنگی ٹاؤن کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاسبان اورنگی ٹاؤن کے ذمہ دارظفر اقبال ، جاوید ملک، عدنان ، غلام حیدر ، عظیم ، دانش، مسلم و دیگر بھی موجود تھے ۔ ظفر اقبال نے کہا کہ نادرا، اورنگی کے دفتر سے شناختی کارڈ بنانے کیلئے شہریوں کو رات 12بجے سے لائن میں کھڑا ہونا پڑتا ہے اس کے باوجود جب کوئی شہری برتھ سرٹیفکیٹ، ب فارم، اپنے والدین کے شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنا شناختی کارڈ بنوانے جاتا ہے تو 1960 کی دہائی کے راشن کارڈ و دیگر دستاویزات مہیا کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے جبکہ اسی شہری کے گھر کے کئی افراد قومی شناختی کارڈ بنوا چکے ہوتے ہیں جس کی فوٹو کاپیاں بطورثبوت مہیا کی جاتی ہیں لیکن جب یہ شہری نادرا دفتر کے باہر کسی ایجنٹ سے رابطہ کرے تو اُسے قومی شناختی کارڈ بغیر کسی پریشانی کے محض چند سو روپوں میں باآسانی حاصل ہوجاتا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ ساری پریشانیاں نہ صرف اُن شہریوں کے ساتھ ہے جو ب فارم ، شناختی کارڈ ، برتھ سرٹیفکیٹ بنانے کے لئے جاتے ہیں بلکہ اگر کوئی شہری اپنا پرانا شناختی کارڈ رینیول کرانے جاتا ہے تو اُس کے ساتھ بھی یہی سلوک روا رکھا جاتا ہے جبکہ اس شہری کا پہلا شناختی کارڈ بنواتے وقت تمام تر دستاویزات نادرا کو فراہم کی جاچکی ہوتی ہیں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ شہریوں کو مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ اپنا کام ایجنٹوں سے کرائیں ۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد ہجرت کرنے والا ہر شخص پاکستانی ہے 68سالوں کے بعد ان کی اولاد کی اولادوں سے پاکستانی ہونے کا ثبوت مانگنا محب وطن پاکستانیوں کی تذلیل ہے جبکہ ان کے پاس ب فارم بھی موجود ہوتا ہے ۔ پاسبان اورنگی کے ذمہ دار غلام حیدر نے کہا کہ ب فارم ، برتھ سرٹیفکیٹ اور والدین کے قومی شناختی کارڈ کے عملے کے بعد مزید ثبوت صرف اورصرف رشوت وصول کرنے کیلئے مانگے جاتے ہیں۔

جب کوئی شہری نادرا کے عملے کی بد تمیزی اور توہین آمیز رویہ پر حکام بالا سے شکایات کرنے کا کہتا ہے تو عملہ بڑی دیدہ دلیری سے جواب دیتا ہے کہ جہاں چاہے ہماری شکایت کرلو ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام قانونی دستاویزات رکھنے والے شہریوں کو قومی شناختی کارڈ مہیا کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری اور شہریوں کا آئینی حق ہے۔ پاسبان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ نادرا، اورنگی ٹاؤن کے دفتر میں کرپشن کا خاتمہ اورقومی شناختی کارڈ کے حصول کو آسان بنانے کیلئے اورنگی جیسی گنجان آبادی میں مزید نادرا آفس کا قیام عمل میں لایا جائے اور موجودہ عملہ کو برطرف کرکے ایماندار اور محنتی عملہ کو تعینات کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :