قوم کی بیٹی کی وطن واپسی کیلئے ’’عافیہ رہائی ریلی، لیاری ‘‘ میں بھرپور شرکت کریں، ترجمان عافیہ موومنٹ

جمعہ 4 ستمبر 2015 17:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) کاروان غیرت کے تحت عافیہ رہائی ریلی لی مارکیٹ ، لیاری کی تیاریاں مکمل ہونے کے بعد علاقہ معززین اور مکینوں سے رابطہ کیا جارہا ہے ۔ عافیہ رہائی ریلی کمیٹی کے آرگنائزر عبدالحاکم قائد نے لیمارکیٹ ، چاکیواڑہ ، موسیٰ لین ، بکرا پیڑی ، چیل چوک و اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ کمیٹی کے دیگر ارکان اکرم آگریا، عابد بلوچ، امجد بلوچ، اختر قریشی ، سلیم پٹھان ، عمر بلوچ اور امین تاجک بھی تھے ۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اتوار ، 6ستمبر کو عافیہ رہائی ریلی کی قیادت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کریں گی۔ لیاری و شہر کے اہم مقامات پر ریلی کے بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں اور اب گھر گھر ، دکان دکان ، اور مارکیٹوں میں ہینڈ بلز تقسیم کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

عافیہ رہائی ریلی کمیٹی کے آرگنائزر عبدالحاکم قائد نے کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ مین لی مارکیٹ، پھول مارکیٹ ، فروٹ منڈی ،لیاری چنگ چی رکشہ یونین اور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی اور انہیں ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عافیہ کے معاملے میں چپ کا روزہ رکھنے اور غیرت کا مظاہرہ نہ کرنے والے حکمرانوں نے ریمنڈ ڈیوس کے بعد ایک اور امریکی شہری کو خاموشی کے ساتھ شرمناک طریقے سے واپس کردیا ہے جس کی وجہ سے عوام شدید غم و غصہ کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ رہائی ریلی کے حوالے سے لیاری کے لوگوں میں جوش و خروش پایا جارہا ہے ، کمیٹی کے ارکان کو تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور علاقہ مکینوں نے بھر پور شرکت کا یقین دلایا۔

عبدالحاکم قائد نے علمائے کرام ، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور علاقہ مکینوں سے اپیل کی کہ قوم کی معصوم بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے ’’عافیہ رہائی ریلی، لیاری ‘‘ میں بھرپور شرکت کریں۔

متعلقہ عنوان :