پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کی سنٹرل کمیٹی کا اجلاس؛ ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی بطور سرپرست اعلی خصوصی شرکت

جمعہ 4 ستمبر 2015 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کی سنٹرل کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بطور سرپرست اعلی اورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کیپٹن محمد صفدرنے کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کے پلیٹ فارم کی سرپرستی کیلئے ان کا انتخاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ ہماری آبادی کا63فیصد سے زائد25سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) اس حقیقت پر یقین رکھتی ہے کہ اگر نوجوانوں کو موزوں تعلیم و تربیت اور مہارت دینے کا اہتمام کیا جائے تو وہ ملک کا مقدر بدل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تحریک پاکستان کے آغاز میں قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوانوں کی فکری اور نظریاتی الام بندی کی جس سے نظریاتی تخریب کاری کا خاتمہ ہوا اگر اس وقت نوجوانوں نے تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہ لیا ہوتا تو پاکستان کا خواب کبھی بھی پایہٴ تکمیل تک نہ پہنچتا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں آج اس پلیٹ فارم پر بطور سرپرست اعلیٰ موجود ہوں جس کی بنیاد قائداعظم نے رکھی تھی اور آج وہ تنظیم ایک طویل مسافت طے کرکہ فرمودات قائد اعظم کے مطابق آج اس شکل میں موجود ہے جس کے صدر کیپٹن محمد صفدر ہیں۔انہوں نے کیپٹن صفدر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان کے گذشتہ الیکشن میں کیپٹن محمد صفدر کی قیادت میں یوتھ ونگ کے نوجوانوں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور ہم حکومت بنانے کے بعد سب سے پہلا کام بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا کریں گے اور اس میں 30فیصد نمائندگی یوتھ کو دیں گے تاکہ لوکل سطح پر بھی یوتھ کی سیاسی تربیت ممکن ہو سکے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے یوتھ ونگ آزاد کشمیر کے صدر ملک محمد حنیف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کہا کہ آزاد کشمیر میں یوتھ ونگ ایک منظم دستے کا روپ دھار چکی ہے اور آنے والے الیکشن میں انتخابی مہم میں مسلم لیگی پرچم یوتھ کے ہاتھ میں ہو گا آزاد کشمیر میں یوتھ کی غالب اکثریت مسلم لیگ(ن) کیساتھ ہے لیکن بدقسمتی سے آزاد کشمیر میں موجود کرپٹ حکومت اور نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے پڑھے لکھے نوجوانوں کی حق تلفی ہو رہی ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی راہداری کا منصوبہ موجودہ حکومت اہم ترین کارنامہ ہے اس منصوبے کے تکمیل سے نوجوانوں کو روزگار ملے اور یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کو تیز تر بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل کا حال مسلم لیگ(ن) کی ترجیحات اولین میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور معاشی ترقی کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام شروع کیا۔

انہوں نے اجلاس میں تجویز دی کہ یوتھ سٹڈی سرکل ، یوتھ کا ماہانہ رسالہ اور سالانہ کلینڈر جیسے اقدامات کیے جائیں اور14اگست،یوم تکبیر اور دیگر اہم دن کے حوالے سے مرکزیوتھ کے نوجوانوں کو پروگرامات ترتیب دیکر آگاہ کرے تاکہ نوجوان دنوں کی مناسبت سے بہتر تیاری کر سکیں۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ یوتھ کو سوشل سروسز، فرقہ واریت اور معاشی ریفارمز کیلئے تیار ہونا چاہیے اور آج کے نوجوان کو دور جدید کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے دور جدید کے تقاضوں کو سمجھنا ہوگا جبھی ہم دور حاضر میں اقوام عالم کیساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں گے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کی قیادت ، چاروں صوبائی صدور و جنرل سیکرٹر یزاور گلگت بلتستان کے صدر و جنرل سیکرٹری کو دورہ مظفر آباد کی دعوت دی اور ملک محمد حنیف کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے انتظامات کریں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے صدر کیپٹن محمد حنیف نے یوتھ کے نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے راجہ محمد فاروق حیدر خان کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کے مثالی کردار سے یوتھ ونگ مزید مضبوط ہوئی ہے اور نوجوانوں کواک نیا حوصلہ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کو مرکزی قیادت سمیت عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے اور راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بہت کم وقت میں مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کی مضبوط ترین جماعت بنا کر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن میں راجہ محمد فاروق حیدر خان جو ہدایت جاری کرینگے اور جہاں ڈیوٹی لگائیں گے ہم حاضر ہونگے اور انشاء اللہ آزاد کشمیر میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن)راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں حکومت بنائے گی۔