توانائی شعبہ میں مزیدبہتری لاکر صارفین کوبہترین سہولیات فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عابد شیر علی

کیسکوکے صارفین کے ذمہ واجب الادارقم دیگرکمپنیوں کی نسبت زیادہ ہے جس میں سب سے زیادہ واجب الادارقم زرعی صارفین کے ذمہ ہے اس وقت صوبے میں بجلی کی کل طلب کا75فیصد سے زائد حصہ زرعی صارفین استعمال کررہے ہیں جبکہ اُن کی طر ف سے ریکوری انتہائی مایوس کن ہے ، کیسکوہیڈکوارٹرزمیں افسران سے خطاب

جمعرات 3 ستمبر 2015 23:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابدشیرعلی نے کہاہے کہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ وہ توانائی کے شعبہ میں مزیدبہتری لاکر صارفین کوبہترسے بہترین سہولیات فراہم کرے جوکہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے کیسکوہیڈکوارٹرزمیں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپاکستان الیکٹرک پاورکمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹرعمررسول، چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئررحمت اللہ بلوچ ، پیپکو ، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اورکیسکوکے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے اس موقع پر وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی نے کہاکہ اس وقت کیسکوکے صارفین کے ذمہ واجب الادارقم دیگرکمپنیوں کی نسبت زیادہ ہے جس میں سب سے زیادہ واجب الادارقم زرعی صارفین کے ذمہ ہے انھوں نے کہاکہ اس وقت صوبے میں بجلی کی کل طلب کا75فیصد سے زائد حصہ زرعی صارفین استعمال کررہے ہیں جبکہ اُن کی طر ف سے ریکوری انتہائی مایوس کن ہے ۔

(جاری ہے)

چوہدری عابد شیرعلی نے کہاکہ اب زرعی کنکشنز پر جہاں میٹروں کی تنصیب نہیں ہورہی ہے اُن کے کنکشنز منقطع کرکے ٹرانسفارمر ضبط کرلئے جائیں گے اوراس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان سے خصوصی طورپر درخواست کرکے صوبائی وضلعی سطح پر انتظامیہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔انھوں نے صوبہ میں بجلی کے اوقات کارمیں اضافہ کوریکوری سے مشروط کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں صارفین کی جانب سے مثبت پیش رفت آنے کی صورت میں بجلی کی فراہمی کے اوقات کارمیں اضافہ کیاجاسکتاہے۔

وزیرمملکت برائے پانی وبجلی نے کیسکوافسران کو سختی سے ہدایات کیں کہ وہ اپنی کارکردگی کوبہترکرنے کیلئے اپنی پوری صلاحیت کامظاہرہ کرتے ہوئے ریکوری کے اہداف حاصل کرنے کویقینی بنائیں۔ انھوں نے کہاکہ عملی کارکردگی کامظاہرہ نہ کرنے والے کرپٹ افسران اوراہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انھوں نے مزیدکہاکہ کیسکومیں کرپٹ اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ تیارکرکے انھیں ایف آئی اے اورنیب کے حوالے کردیاجائے گا تاکہ کمپنی سے کالی بھیڑوں کاخاتمہ کرکے شفافیت کے عمل کو ممکن بنائی جاسکے اس موقع پر پاکستان الیکٹرک پاورکمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمررسول نے بھی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمپنی میں پرانی روش کوتبدیل کرتے ہوئے کارکردگی کی بنیادپرکمپنی کو بہترسے بہتربنانے کیلئے کوششیں کی جائیں۔

انھوں نے کہاکہ وزارت پانی وبجلی کی جانب سے دیئے گئے احکامات پرعمل کرکے ریکوری کے اہداف اوربقایاجات کی وصولیابی کوممکن بنایاجاسکتاہے بصورت دیگر ان اہداف کے حصول کے لئے آوٹ سورس ذرائع استعمال کئے جاسکتے ہیں قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئررحمت اللہ بلوچ نے صوبہ میں بجلی کی موجودہ صورتحال ، لوڈشیڈنگ ، بلوں کی وصولی، بجلی چوری، لائن لاسزاورواجب الادارقم کے بارے میں وزیرمملکت برائے پانی وبجلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :