آزادی صحافت نثارعثمانی کی جدوجہد کا ثمر ہے ، سی آر شمسی

ان کی یاد میں ملک بھر میں شمعیں روشن کی جائیں ، مرکزی تقریب زیروپوائنٹ منعقد ہوگی

جمعرات 3 ستمبر 2015 23:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے سابق سیکرٹری ، سینئر صحافی جنرل سی آر شمسی نے پاکستان میں آزادی صحافت اور انسانی حقوق کے علمبردار نثار عثمانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی آزادی صحافت نثار عثمانی کی شاندار جدوجہد کا ثمر ہے، جس کا تحفظ کرنا تمام صحافیوں کی ذمہ داری ہے، نثار عثمانی کی اکیسویں برسی کے موقع پر دیئے گئے ایک بیان میں سی آر شمسی نے کہا کہ پاکستان کی صحافتی تاریخ کو اپنے خون جگر سے سینچنے والی اس عظیم شخصیت کے سامنے ہم شرمندہ ہیں جن کی قربانیوں اور سچے جذبوں کی وجہ سے آج لفظ آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

مگر اہل صحافت ان کے اصولوں کو فراموش کربیٹھے ہیں … ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ قلم کی حرمت پر مرمٹنے والے تو اپنا اپنا حساب اس باوقار انداز سے چکاگئے کہ تاریخ ان کو سنہری الفاظ میں یاد کرتی ہے لیکن ہم سب پر ان کی محبتوں کا قرض آج بھی باقی ہے ، یہ قرض ہم ان کی فلسفے اور حقوق کیلئے بے لوث جدوجہد کے جذبوں کو زندہ رکھ کے ہی اتار سکتے ہیں، تنظیم کے سابق سیکرٹری جنرل نے تمام صحافیوں سے چار ستمبر کی شام ملک بھر میں نثارعثمانی کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی اپیل کی ہے ،اس سلسلے میں زیروپوائنٹ اسلام آباد میں شام چھ بجے شمعیں روشن کی جائیں گی جہاں تمام صحافیوں سے شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔