کراچی ،آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیرِ صدارت شعبہ تفتیش کی کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس

اجلاس میں درج مقدمات کی تفتیش کے تمام پہلوؤں اور جملہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

جمعرات 3 ستمبر 2015 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیرِ صدارت شعبہ تفتیش کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس میں درج مقدمات کی تفتیش کے تمام پہلوؤں اور جملہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ ڈاکٹر امین یوسف زئی، تمام ضلعی ایس ایس پیز انویسٹی گیشن و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے مختص کردہ فنڈز ایس ایس پیز انویسٹی گیشنز کو فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ اجلاس کو مذید بتایا گیا کہ مذکورہ اقدام سے شعبہ تفتیش کے مجموعی امور میں استحکام کے ساتھ ساتھ پولیس کی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔آئی جی سندھ نے اس موقع پر وکلاء ٹارگیٹڈ حملوں سمیت دیگر ہائی پروفائل مقدمات پر اب تک کی پولیس پیشرفت کی تفصیلات کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا اور اس حوالے سے مذید احکامات دیئے۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے کہا کہ شعبہ تفتیش سے وابستہ افسران اپنی مہارت ، تجربے اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو پیشِ نظر رکھ کر انتہائی غیر جانبداری سے مقدمات کی تفتیش کے تمام امور کو ٹھوس اور مربوط بنائیں تا کہ ملوث ملزمان کو متعلقہ عدالتوں سے مثالی سزاؤں کے عمل کو یقینی بنا کر متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :