لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی پنجاب ٹاسک فورس کی جانب سے ادویہ ساز فیکٹریوں کیخلاف کارروائی پر فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعرات 3 ستمبر 2015 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی پنجاب ٹاسک فورس کی جانب سے ادویہ ساز فیکٹریوں کیخلاف کارروائی پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے قائم کی گئیں ٹاسک فورس اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کی جانب سے بغیر کسی قانونی جواز کے ادویہ ساز فیکٹریوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے ادویہ ساز اداروں کے کاروبار کو تباہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت جائز کاروبار کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر حکومت پنجاب کی پالیسیوں کی وجہ سے ڈرگ انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور ملازمین خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں لہٰذاعدالت ٹاسک فورس کو چھاپے مارنیاور بے بنیاد مقدمات درج کرنے سے روکنے کا حکم دے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمات درج نہیں کئے جا رہے بلکہ معیار برقرار نہ رکھنے والی ادویہ ساز فیکٹریوں کی انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں جس پر عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔