اسلام آباد ہائی کورٹ نے مضاربہ سکینڈل کے مرکزی ملزم غلام رسول ایوبی کی درخواست ضمانت خارج کردی ، گرفتاری کا حکم

جمعرات 3 ستمبر 2015 22:31

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مضاربہ اسکینڈل کے مرکزی ملزم غلام رسول ایوبی کی درخواست ضمانت خارج کر کے ان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے جنوری 2015ء میں ملزم کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس اطہر من اﷲ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مضاربہ سکینڈل کے مرکزی ملزم غلام رسول ایوبی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ غلام رسول ایوبی نے آج کی تاریخ میں سات کروڑ روپے کی قسط جمع کرانی تھی جو جمع نہیں کرائی گئی اس پر ملزم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ رقم جمع کرانے کے لئے وقت دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم نے خورد برد کی گئی رقم واپس جمع کرانے کے لئے خود ہی رقم واپسی کا پلان جمع کرایا تھا جس کے مطابق آج رقم جمع کرائی جانی تھی۔ عدالت نے غلام رسول ایوبی کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے نیب کوملزم کی گرفتاری کی ہدایت کر دی۔ مزید سماعت 5 اکتوبر کو ہو گی۔ غلام رسول ایوبی پر مضاربت کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے تین ارب روپے ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔

متعلقہ عنوان :