جسٹس چوہدری اقبال نے یو ایچ ایس کے زیر انتظام ہونیوالے امتحانات روکنے کیلئے درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی

جمعرات 3 ستمبر 2015 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام 4ستمبر کو ہونیوالے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات روکنے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر تے ہوئے چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سے اس نوعیت کے تمام مقدمات کو ایک ہی بنچ کے روبرو لگانے کی سفارش کر دی ۔درخواست گزاروں کے وکیل نوشاب اے خان نے موقف اختیار کیا کہ 4ستمبر کو ایم ڈی اور ایم ایس کے امتحانات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبعلموں نے طے شدہ پرانے سلیبس کے مطابق ایم ڈی اور ایم ایس کی کلاسوں میں داخلے لئے اور اپنے امتحانات کی تیاری کی۔یونیورسٹی کی جانب سے طالبعلموں کے امتحانات پرانے سلیبس کی بجائے ترمیم شدہ نئے سلیبس کے تحت لئے جا رہے ہیں جو کہ طالبعلموں کے بنیادی حقوق اور قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اگر طالبعلموں کے امتحانات پرانے سلیبس کے مطابق نہ لئے گئے تو ان کا مستقبل داو پر لگ جائے گا ۔

لہٰذاعدالت 4ستمبر کو ہونے والے امتحانات روکنے کے احکامات صادر کرے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں دوسرے بنچزمیں بھی زیر سماعت ہیں جس پر عدالت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام 4ستمبر کو ہونے والے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات رکوانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی-عدالت نے درخواست چیف جسٹس کو واپس بھجواتے ہوئے تمام مقدمات ایک ہی عدالت میں سماعت کے لئے بھجوانے کی سفارش کر دی.۔ عدالت کی جانب سے رجسٹرار یوایچ ایس کو پہلے ہی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے.۔

متعلقہ عنوان :