ٹربیونلز کی مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے کیخلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

جمعرات 3 ستمبر 2015 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے تین الیکشن ٹربیونلز کی مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار غلام حسین نثار کے وکیل ڈاکٹر باسط نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کی منشا ء کے مطابق تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں کئی مرتبہ اضافہ کیا۔

کاظم علی ملک پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے سردار ایاز صادق،جاوید رشید محبوبی پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے خواجہ سعد رفیق اور رانا زاہد پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے صدیق بلوچ کے حلقوں میں دوبارہ انتخابات کے فیصلے دئیے جس کی بنا پر وفاقی حکومت کے کہنے پر الیکشن کمیشن تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں توسیع نہیں کر رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت 31اگست کو ختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ان الیکشن ٹربیونلز کے پاس زیر التوا مقدمات کو نہیں نمٹایا جا سکے گا۔

حالانکہ الیکشن کمیشن کو انتخابی ٹربیونلز کی مدت کی معیاد مقرر کرنے کا کوئی اختیار نہیں چنانچہ زیر التوا انتخابی عذر داریاں نمٹانے تک تینوں الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں توسیع کے احکامات صادر کئے جائیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو دو ہفتوں کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :