مدارس سے متعلقہ معاملات کے جائزے کے لئے قائم کمیٹی کا اجلاس، مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق معاملات کیلئے وزرتِ مذہبی امور اور تعلیم کی دوذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:57

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) قومی سلامتی پالیسی پر عملدرآمد کے تناظر میں مدارس سے متعلقہ معاملات کو حل کرنے کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو وزارتِ مذہبی اموروبین لمذاہب ہم آہنگی، اسلام آباد کے کمیٹی روم میں زیرِ صدارت وفاقی وزیر برائے مذہبی اموروبین لمذاہب ہم آہنگی، اسلام آباد منعقد ہوا۔ اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا جس میں اتحادِ تنظیمات دینیہ پاکستان کے پانچوں وفاق کے سربراہان اور نمائندوں کے علاوہ سیکرٹری مذہبی امور و بین لمذاہب ہم آہنگی، اسلام آباد سیکرٹری وزارتِ وفاقی تعلیم و تربیت ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ اوردوسرے متعلقہ اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

قاری محمد حنیف جالندھری نے اتحاد تنظیمات دینیہ کے وفد کی سربراہی کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیر حاصل بحث کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے لئے تیار کردہ فارم کو آسان اور سہل بنانے، اور مدارس کا ڈیٹا حاصل کرنے کا علیحدہ فارم بنانے کے لئے ایک کمیٹی زیر انتظام وفاقی وزرتِ مذہبی امور و بین لمذاہب ہم آہنگی بنے گی جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔

اسکے علاوہ ایک اور کمیٹی زیرِ انتظام وزارت وفاقی تعلیم و تربیت بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو تعلیمی نصاب اور دیگر متعلقہ معاملات کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔جس میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ پاکستان کے نمائندوں کے علاوہ وزارتِ مذہبی امور و بین لمذاہب ہم آہنگی کاایک نمائندہ بھی شامل ہو گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کو بینک اکاوٗنٹ کھولنے میں سہولت دینے کے لئے ان کے نمائندگان کی ملا قات سٹیٹ بینک کے متعلقہ حکام کے ساتھ کرائی جائے گی۔چار وفاق کے نمائندوں نے اپنے اپنے وفاق سے الحاق شدہ مدارس کی فہرست بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :