ٹیوٹا کرولا کی نئی جنریشن نے نئے معیارات قائم کیے، سپلائرز کو ٹیکنیکل سپورٹ سے مستحکم کیا جائیگا، چیئرمین انڈس موٹر کمپنی

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) انڈس موٹر کمپنی کے سپلائرز کا سالانہ اجلاس ہوا جس کا موضوع ’’کامیابی کا اگلا قدم ‘‘ تھا۔ اس موقع پر ٹیوٹا موٹر ایشیا پیسیفک کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ نوبو ہیرو یاماموٹو مہمان خصوصی تھے۔ اس اجلاس میں ٹیوٹا موٹر کارپوریشن، ہاؤس آف حبیب کی سینئر انتظامیہ، آئی ایم سی کے سپلائرز ، آٹو انڈسٹری کے نمائندگان اور آئی ایم سی کی انتظامیہ موجود تھی۔

سپلائر کنوینشن ایک سالانہ پروگرام ہے جس میں آئی ایم سی کے سپلائرز؍وینڈرز کی کوششوں کو سراہا جاتا ہے۔اس موقع پر نوبو ہیرو یاماموٹو نے سپلائرز کی بہتری کی کوششوں کی بھی تعریف کی جس کی وجہ سے مقامی طور پر تیار ہونے والے پرزہ جات کی معیار میں بہتری واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیداوار کو تسلسل کے ساتھ رواں رکھنے کیلئے سپلائرز کے کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مکمل تحفظ اور معیار کا یقین ہمارے اگلے سال کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر علی ایس حبیب، چیئرمین آئی ایم سی نے سال بھر مارکیٹ میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں پر مبارک باد دی، خاص طور پر پاکستان میں 11 ویں جنریشن ٹیوٹا کرولا کو متعارف کرانے میں ہونے والی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کرولا کی نئی جنریشن نے معیار، تحفظ اور آسائش کے نئے معیارات قائم کردیئے ہیں۔

صارفین کا رد عمل بھی انتہائی مقبولیت کا باعث بنا اور گزشتہ برس 51,398 گاڑیاں فروخت کی گئیں۔ بلند ترین معیار کے حصول میں سپلائرز کے تعاون سے ہماری بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار کاروباری ترقی کیلئے حکومتی تعمیری پالیسیاں اور وینڈرز اور سپلائرز کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ ان کے بغیر ہم اپنے اہداف، کاروباری مقاصد اور توقعات کو حاصل نہیں کرسکتے تھے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سپلائرز کو ٹیکنیکل سپورٹ سے مستحکم کیا جائے گا۔ اس موقع پر لوڈز لمیٹڈ کو سال 2014-15 کا بہترین وینڈر قرار دیا گیا۔ وینڈر کی سب سے کم خرابی کی شرح، دیگر سپلائرز کو بہترین معاونت، وقت پر تیاری اور معیاری ڈیلیوری کی بنیاد پر منتخب کیا گیا تھا۔