سرکاری سرپرستی میں حقیقی دہشت گردوں کاقبضہ شہر کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہے،سید آصف حسنین

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے مستعفی رکن قومی اسمبلی سید آصف حسنین نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر منظم منصوبہ بندی کے تحت سرکاری سرپرستی میں حقیقی دہشت گردوں کا لانڈھی کے مختلف علاقوں میں قبضہ کرواکر پر امن شہری زندگی کو مفلوج بنایا جارہاہے،حقیقی دہشت گرد عوام اور کاروباری حضرات سے کھلے عام بھتہ طلب کررہے ہیں اورادائیگی نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، حقیقی دہشت گردوں کی سرکاری سرپرستی میں لانڈھی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قبضہ شہر کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام لانڈھی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عارف خان ایڈوکیٹ ، ارشد حسن اور رضوان بابرو دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

سید آصف حسنین نے کہا کہ حقیقی دہشت گردلانڈھی کے مختلف علاقوں میں د و کانوں اور مارکیٹوں اور گھروں میں ڈکیتیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مارکیٹوں کی انتظامیہ اور یونینز کی جانب سے متعلقہ حکام کو کئی مرتبہ اس سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جاتا رہاہے لیکن کوئی لانڈھی کے مظلوم تاجروں اور عوام کی دادرسی نہیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی سرپرستی میں مختلف علاقوں سے جرائم پیشہ غیر مقامی افراد کو یکجا کرکے لانڈھی کے مختلف علاقوں میں حقیقی دہشتگردوں کی جانب ایم کیوایم کے کارکنان اور انکے اہل خانہ کو بھی اسلحے کے زور پر ہراساں کیا جارہاہے ۔

آصف حسنین نے کہاکہ گزشتہ ہفتے میرے عوامی دفتر میں حقیقی دہشت گردوں نے میری غیر موجودگی میں داخل ہوکر میرے دفتری اوقات کا ر بھی معلوم کئے تھے اور عملے کو ہراساں کیا تھا جس کی باقاعدہ درخواست بھی میں نے SPآفس میں جمع کرواد ی تھی ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری ٹارگٹ آپریشن کے دوران حقیقی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے سرکاری اہلکارایم کیوایم کے اکثریتی علاقوں میں مسلح حالت میں قبضہ کروارہے ہیں جس سے کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے ایم کیوایم کے تحفظات کے درست ہونے اور آپریشن کی جانبداری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے،ایم کیوایم پرامن جمہوری اور سیاسی جماعت ہے اورایک سوچی سمجھی سازش کے تحت جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں کو ایم کیوایم کے مقابل کھڑا کرکے عوامی مینڈیٹ کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ، حقیقی دہشت گردوں نے لانڈھی سمیت مختلف مہاجر آبادیوں میں بسنے والوں کا جینا حرام کردیا ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتظامیہ اس صورتحال پر مکمل طور پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔

آصف حسنین نے کہاکہ عوامی مینڈیٹ کے خلاف لانڈھی سمیت مختلف علاقوں میں سرکاری سرپرستی میں جرائم پیشہ افراد کا قبضہ خود دہشت گردی کی ایک شکل ہے،جب عوامی تحفظ علمبردار ادارے دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کریں گے تو پھر معصوم عوام انصاف کیلئے کس کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے؟۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ا ورکور کمانڈر کراچی نوید مختار سے مطالبہ کیا کہ وہ لانڈھی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے سرکاری سرپرستی میں قبضے کرائے جانے کا سختی سے نوٹس لیکرحقیقی دہشت گردوں کو حاصل سرکاری سرپرستی اور دہشت گردوں کیجانب سے تاجروں اور عوام کے ساتھ لوٹ مار ، ڈکیتیوں ،بھتہ خوری اور ہراساں کئے جانے کا سلسلہ بند کروائیں۔