پاکستان کا افغانستان سے مخالفانہ پروپیگنڈہ اور اپنی سرزمین پر بھارت کے اڈے بندکرنے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ

مطالبات سرتاج عزیز اپنے دورہ کابل میں کریں گے جس میں ان کی افغان صدراور ہم منصب سے ملاقاتیں متوقع ہیں،سفارتی ذرائع

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) پاکستان نے افغانستان سے مخالفانہ پروپیگنڈہ اور اپنی سرزمین پر بھارت کے اڈے بندکرنے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ مطالبات وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کابل میں افغان صدر اور اپنے افغان ہم منصب سے ملاقاتوں میں کریں گے۔سفارتی ذرائع کے حوالہ سے ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے افغانستان کو اہم پیغام دینے کا فیصلہ کیا ہے،پاکستان مخالف مہم فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

پاکستان کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ پاکستان مخالف مہم میں بھارتی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ اور افغان خفیہ ایجنسی مل کر کام کر رہی ہیں۔ دہشت گردوں کی زیادہ تر قیادت اور ورک فورس افغانستان میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

پشاور سکول حملہ مْلا فضل اﷲ نے افغانستان میں بیٹھ کر کروایا تھاجس کے ثبوت پاکستان پیش کر سکتا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان مخالف مہم سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد میں کمی آئی ہے۔

افغانستان کی جانب سے پاکستان مخالف سرکاری بیانات کا سلسلہ بھی رْکنا چاہیے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان سمجھتا ہے کہ طالبان کے خلاف طاقت کا استعمال دانشمندانہ آپشن نہیں ہے۔ طاقت کے استعمال کے اثرات دونوں ممالک پر آ سکتے ہیں تاہم طالبان کے ساتھ مذاکرات یا طاقت کا استعمال کا فیصلہ افغانستان کو کرنا ہے جبکہ پاکستان کو سہولت کار بنانے یا نہ بنانے کے فیصلے کا انحصار بھی افغانستان پر ہے۔

افغانستان کو مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی رائے سے آگاہ کیا جائے گا۔ تاہم پاکستان افغانستان کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کی تجویز نہیں دے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ذریعے طالبان کو مذاکرات کی میز پر بلوایا گیا تھا۔ بیشتر طالبان نمائندے مذاکرات میں شرکت کیلئے افغانستان سے آئے لیکن پھر مْلا عمر کی موت کی خبر لیک کر دی گئی۔ ایسا تاثر دینے کی کوشش کی گئی جیسے اس معاملے میں پاکستان کی بدنیتی شامل ہے۔ مْلا عمر کی موت کی خبر مری امن عمل کے دوسرے دور سے دو روز قبل جاری کرنا پاکستان کے خلاف سازش تھی جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔