قائمقام صدر رضا ربانی پپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمود سلیم کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر لوگوں میں گھل مل گئے

سینئر بیوروکریٹس اور شہریوں کامصافحہ ‘ پارٹی کے معذور رہنما ڈاکٹر اسرار سے جا کر خود ملے‘ خیریت دریافت کی

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:28

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) قائمقام صدر میاں رضا ربانی سابق وفاقی سیکرٹری اور پاکستان انسٹیٹیوٹ پارلیمنٹری سروسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمود سلیم محمود کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر لوگوں میں گھل مل گئے ، سینئر بیوروکریٹس اور شہریوں نے قائمقام صدر سے ہاتھ ملایا ، اس موقع پر میاں رضا ربانی نے کہا کہ محمود سلیم محمود کے انتقال پر انہیں دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے ، محمود سلیم نے سول سروس میں جو خدمات انجام دیں وہ قابل تحسین ہیں اور وہ ایک مقبول بیوروکریٹ رہے ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

پپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر مرحوم نے ارکان پارلیمنٹ کی تربیت اور عالمی اداروں سے روابط کیلئے بھی مثبت کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

قائمقام صدر جب نماز جنازہ پڑھنے کے بعد ایچ الیون قبرستان سے واپس اپنی گاڑی میں جارہے تھے تو اچانک ان کی نظر پیپلزپارٹی کے درینہ معذور کارکن ڈاکٹر اسرار شاہ پر پڑی تو میاں رضا ربانی خصوصی طور پر ڈاکٹر اسرار شاہ کے پاس گئے اور ان سے ہاتھ ملایا اور ان کی خریت دریافت کی ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر اسرار شاہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بحالی کی تحریک میں اسلام آباد کچہری میں ایک خود کش بم دھماکے میں زخمی ہوگئے تھے اور ان کی دونوں ٹانگیں کٹ گئی تھیں ۔

متعلقہ عنوان :