Live Updates

ایم کیو ایم اور حکومت مابین مذاکرات ختم ہونا اچھا نہیں‘ متحدہ نے اتفاق رائے کے بعد نئی شکایات حکومت کے سامنے رکھیں، تحریک انصاف کی دھرنے میں تقریروں پر پابندی نہیں لگائی گئی‘ الطاف حسین کے خطاب پر پابندی کیوں لگائی گئی، ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات ہونا تھی ،معلوم نہیں ایسا کیا ہوا کی بات چیت ختم کرنے کا اعلان سامنے آگیا

جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان مذاکرات ختم ہونا اچھا نہیں ہے، متحدہ نے اتفاق رائے کے بعد نئی شکایات حکومت کے سامنے رکھیں، تحریک انصاف کی دھرنے کے دوران کی جانے والی تقریروں پر پابندی نہیں لگائی گئی، الطاف حسین کے خطاب پر پابندی کیوں لگائی گئی، ایم کیو ایم سے ملاقات ہونا تھی معلوم نہیں ایسا کیا ہوا، مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ شام حکومت ایم کیو ایم کے درمیان بات چیت ہوئی، جس کے بعد وزیراعظم کے قانونی امور کے مشیر بیرسٹر ظفر اﷲ آئے۔ انہوں نے کہا کہ ازالہ شکایات کمیٹی پر ہمارے درمیان اتفاق ہو گیا ہے اور ان کے ساتھ ایک میٹنگ اور ہو گی جس کے بعد میری فاروق ستار سے بات ہوئی تو ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کے خطاب پر لگائی گئی پابندی ختم کی جائے گی، میں نے انہیں کہا کہ جہاں ازالہ کمیٹی آپ کی دوسری شکایات کا ازالہ کرے گی وہاں یہ چیزیں بھی زیر بحث لائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے کہا کہ آپ میڈیا کے سامنے ہمارے ساتھ آئیں جو طے ہو آپ کے سامنے ہو، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں نے انہیں کہا کہ جب ٹیلی وژن دیکھا تو فاروق ستار نے کہا کہ مذاکرات نہیں ہو سکتے، ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے، پہلے ہمارے دو مطالبات حل کئے جائیں، کھالیں جمع کرنے پر سے پابندی ہٹانے اور الطاف حسین کے خطاب پر لگائی گئی پابندی ختم کی جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سوچنے کی بات ہے کہ چار ماہ تحریک انصاف کے دھرنے میں پارلیمنٹ اور پاکستان کے اداروں کو گالیاں دی گئیں، ان پر کسی نے پابندی نہیں لگائی لیکن الطاف حسین کے بیانات پر پابندی لگا دی، وہ تو معافیاں بھی مانگتے رہے ہیں، ان پر باقاعدہ پابندی لگانے سے غلط تاثر جاتا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے ساتھ انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات