راولپنڈی ،محکمہ زراعت پنجاب کا انسداد ڈینگی سے متعلق سیمینار کا اہتمام

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) محکمہ زراعت پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایگریکلچر کمپلیکس دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات راولپنڈی میں انسداد ڈینگی سے متعلق سیمینار کا اہتمام کیا جس میں محکمہ زراعت کے افسران، عملہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ایگریکلچر کمپلیکس شمس آباد میں موجود تمام دفاتر کے افسران نے اپنی نگرانی میں دفاتر، چھتوں، گملوں، پانی کی ٹینکیوں اور دیگر پانی کھڑا ہونے والی جگہوں کی صفائی کروائی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول پنجاب ریاض احمد ، ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈاکٹر محمد عارف خان اور دیگر ماہرین نے ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں کئے جانے والے اقدامات پر شرکاء کو معلومات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع ریاض احمد ، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ نے ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے، لاروے کی تلفی اور ڈینگی بخار سے بچاؤ کے متعلق احتیاطی تدابیر بتائیں۔

ڈینگی مچھر پانی میں جنم لیتا ہے جبکہ یہ انڈے دینے کیلئے ٹھہرے ہوئے پانی کا انتخاب کرتی ہے۔ ڈینگی بخار کا وائرس چونکہ مچھر کے کاٹنے سے انسان میں منتقل ہوتا ہے اس لئے مچھر کے کاٹنے سے بچنا ہی بہتر ہے۔ اس سلسلے میں صاف پانی ذخیرہ کرنے والے برتنوں، ٹینکوں اور درموں کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عارف نے ڈینگی مچھروں کے انسداد کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور یہ کہ انفرادی سطح پر آس پاس کے ماحول کو خشک و صاف ستھرا رکھنے اور پانی کو کھڑا ہونے سے روک کر مچھروں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاپنگ بیگ کا استعمال کم سے کم کیا جائے اور پانی رکھنے والے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :