شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کے جائز مسائل موثر انداز میں حل کیے جا سکیں

سی ڈی اے انتظامیہ کی محکمے کے تمام شعبوں کو ہدایت

جمعرات 3 ستمبر 2015 21:18

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) سی ڈی اے انتظامیہ نے سی ڈی اے کے تمام شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کے جائز مسائل موثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو انتظانیہ کی طرف سے سی ڈی اے کے تمام شعبوں کے اعلی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈائریکٹوریٹس میں شہریوں کے مسائل کو سننے اور اُن کے حل کے لئے اوقات مقرر کریں۔

اس ضمن میں مختلف شعبوں کی کارکردگی کے علاوہ ون ونڈو آپریشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے کا ون ونڈو آپریشن ڈائریکٹوریٹ شہریوں کے زمین اور اسٹیٹ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

شہریوں کی سہولت کے لئے اس ڈائریکٹوریٹ کو جدید طرز پر اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور ارجنٹ کیس کی سہولت ایک بار پھر عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے جس سے نہ صرف کیس کو جلد نمٹایا جائے گا بلکہ کیس کے جلد نمٹائے جانے سے ادارے کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔

اس کے علاوہ بزگ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ایک الگ کاؤ نٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ کیس کو جلد نمٹانے کے لئے ایس او پی کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور سی ڈی اے کے تمام شعبوں کو ہدایا ت جاری کی گئی ہیں کہ درخواست گزار کو دیئے گئے وقت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جلد کیس کے حل کو یقینی بنایا جائے۔ سی ڈی اے کے تمام شعبوں کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ اپنے دفتری اوقات میں اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کو سننے کے لئے دفتری اوقات میں خصوصی وقت مقرر کریں ۔

اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور بلڈنگ کنٹرول سیکشن کے پراپرٹی کی ٹرانسفر، بلڈنگ پلان وغیرہ کے حوالے سے کیسز کو حل کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے سسٹم بنایا جا چکا ہے جو ون ونڈو آپریشن ڈائریکٹوریٹ میں استعمال ہو گا تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کے جلد حل کو ممکن بنایا جا سکے۔اسی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کے افسران اور ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام الناس کے مسائل کو جلد حل کرنے کے لئے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں کیونکہ اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین اور عمدہ سہو لیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔