قومی اسمبلی کی کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی کااجلاس

پی آئی اے کی پروازوں میں ناقص کھانے کی فراہمی اوردیگرسہولیات کے فقدان کانوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 3 ستمبر 2015 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) قومی اسمبلی کی کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی نے پی آئی اے کی پروازوں میں ناقص کھانے کی فراہمی اوردیگرسہولیات کے فقدان کانوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ کارگوچارجز کی مد میں 67کروڑ13لاکھ 90ہزارروپے نقصان کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر سخت برہمی کااظہارکیاہے۔ جمعرات کو پی آئی اے بلڈنگ میں کمیٹی کااجلاس رانا محمد حیات خان کی عدم موجودگی کے باعث پروین مسعودبھٹی کی صدارت میں ہواجس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی ،مسافروں سے مختلف چارجز کی وصولی اورپی آئی اے میں ناقص کھانے کی فراہمی کاجائزہ لیاگیا ۔

کمیٹی نے طویل وقت گزرجانے کے باوجود کارگو چارجز میں67 کروڑ سے زائد نقصانات کی تحقیقات شرو ع نہ ہونے پرسخت برہمی کااظہار کیا اور ہدایت کی کہ 30 دن میں کمیٹی کو اس حوالے سے آگاہ کیاجائے کمیٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں سے ایک ہزار روپے اور اندرون ملک کے مسافروں سے تین سو روپے کی وصولی کے معاملے کابھی جائزہ لیا اور اسے آئندہ اجلاس تک موخر کردیا کمیٹی نے پی آئی اے کی پروازوں میں ناقص کھانے کی فراہمی پر بھی برہمی کااظہارکرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ،سردار محمد عرفان ڈوگر،بیگم نگہت پروین می،بیگم شہنازسلیم، بیگم فرحانہ قمر،بیگم مریم اورنگزیب ،پیرشفقت حسین جیلانی ،ساجد نواز،نفیسہ عنایت اﷲ خان خٹک اور مولوی آغامحمد نے شرکت کی۔