دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس فور س کے شیر جوانوں نے جراتمندی سے کامیابیاں حاصل کی ہیں،ناصردرانی

موجودہ دور کے درپیش چیلنجز میں پولیس بڑھتی ذمہ داریوں کا احساس کرے تو جرائم پیشہ عناصر اپنی مجرمانہ سرگرمیاں چھوڑنے پر مجبور ہونگے، آئی جی خیبرپختونخوا

جمعرات 3 ستمبر 2015 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواناصر خان درانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس فور س کے شیر جوانوں نے جرات مندی سے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔موجودہ دور کے درپیش چیلنجز میں پولیس اپنی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کا احساس کرے تو جرائم پیشہ عناصر اپنی مجرمانہ سرگرمیاں چھوڑنے پر مجبور ہونگے ۔

ہم مخفی دشمن کے خلاف حالت جنگ میں ہیں جس میں گولی کا جواب گولی سے دیا جائیگاجبکہ تخریبی کاروائیوں میں ملوث گرفتار افراد کو عدالتی کاروائی کے ذریعے تختہ دار تک پہنچایا جائے گا۔قو م کے بچوں کا تعلیمی مستقبل امن سے وابستہ ہے تاہم خوف پھیلانے والے امن کے دشمنوں کا خاتمہ خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں پنہاں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن کوہاٹ میں منعقدہ تقریب اور گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3کے دورہ کے موقع پر پولیس افسران اور سکول کے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن ڈاکٹر محمد اشتیاق مروت اور ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف بھی انکے ہمراہ تھے ۔آئی جی پی نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابیاں ان لوگوں کے قدم چھومتی ہیں جو پختہ ارادے لیکر اپنی مرادوں کو خالق کائنات سے باندھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس جوانوں کے دلوں میں شہادت کا جذبہ کھوٹ کھوٹ کر بھرا ہے یہی وجہ ہے کہ پولیس افسران و جوانوں نے اپنا خون دیکر دھرتی کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیا۔

آئی جی پی نے سکول کے بچوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ اپنے اندر بڑا آدمی بننے کی طلب پیدا کریں گے تووسائل کا بندوبست خدا کے غیب کے خزانوں سے ہوگا۔پولیس لائن میں منعقدہ تقریب کے دوران آئی جی پی نے پولیس پولیس افسران خصوصاً ایس ایچ اوز اور محرران پر زور دیا کہ وہ تھانوں میں آنے والے سائلین کیساتھ ادب اور تمیز سے پیش آئیں کیونکہ عوام کی کافی توقعات براہ راست پولیس کیساتھ وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں کی مقامی حدود کے اندرموجودہ بیٹ نظام میں شامل پلاننگ ،ٹاسکنگ،مانیٹرنگ اور نتائج اخز کرنے کے عوامل کو مد نظر رکھ کر تمام تر پولیس کاروائی کو یقینی بنائیں۔کوہاٹ شہر کے مرکزی بازار کے دورہ کے موقع پرآئی جی پی شہریوں میں گھل مل گئے اور ان سے مقامی پولیس کی روزرہ معاملات کے متعلق دریافت کیا جس پر شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور فساد پھیلانے والے دہشت گردوں کے خلاف پولیس کے شانہ بشانہ لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

آئی جی پی نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہاپنے ارد گرد موجود مشتبہ دہشتگردوں پر کڑی نظر رکھ کر کسی بھی خطرے کے پیش نظر پولیس کو آگاہ کریں ۔آئی جی پی اپنے دورہ کے موقع پر قبائلی بیلٹ سے ملحقہ کاغزئی چیک پوسٹ کے جوانوں سے ملے اور ان کے مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کرکے جبکہ چیک پوسٹ میں موجودجدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے والے آلات کے استعمال کا جائزہ لیاجسکی بدولت پولیس موقع پر نشاندہی کے بعدچوری کی گاڑیوں اور مطلوب افراد کی گرفتاری عمل میں لانے کے قابل ہوئی ہے۔

آئی جی پی نے ٹریفک پولیس موٹر ڈرائیونگ سکول،ڈی پی او آفس کے نئے تعمیراتی بلاک اور کے ڈی اے و محمد ریاض شہید تھانوں میں قائم نئے پولیس رپورٹنگ رومز کابھی افتتاح کیا ۔ پولیس لائن میں منعقدہ تقریب سے ڈی آئی جی کوہاٹ ڈاکٹر محمد اشتیاق مروت نے بھی خطاب کیا اور پولیس کی پیشہ ورانہ فرائض اورتمام شعبوں میں مثبت تبدیلیوں کے علاوہ عوام دوست پولیسنگ کو اجاگر کیا۔

متعلقہ عنوان :