دہشت گردی کی وجہ سے قبائلی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ،آفتاب شیرپاؤ

دھماکہ میں شہید ہونیوالے افراد کیلئے تین لاکھ ،زخمی ہونیوالوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے معاوضہ انتہائی کم ہے ہزاروں قبائلی پختونوں نے ملک میں قیام امن کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں، لاکھوں کی تعداد میں اپنا گھر بار چھوڑ کرکسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے، چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعرات 3 ستمبر 2015 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے جمرود خودکش دھماکہ میں شہید ہونے والے افراد کیلئے تین لاکھ اور زخمی ہونے والوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے معاوضہ دینے کے اعلان کو انتہائی کم اور قبائلی عوام کے ساتھ امتیازی پالیسی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فاٹا کے عوام کے ساتھ معاندانہ رویہ ترک کرکے ان کے ساتھ دوسرے شہریوں کے برابر سلوک کیا جائے۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے قبائلی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور وہاں کا پورا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ قبائیلی عوام نامساعد حالات کی بدولت معاشی اور اقتصادی بد حالی کا شکار ہیں اور ان حالات میں ان کے ساتھ اس قسم کی امتیازی پلالیسیاں روا رکھنا کسی طور درست نہیں کیونکہ اس سے ان میں پائی جانے والی احساس محرومی اوراحساس کمتری میں مزید اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہزاروں قبائلی پختونوں نے ملک میں امن کے قیام کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی اور لاکھوں کی تعداد میں اپنا گھر بار چھوڑ کرکسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو کئی دہائیوں سے گونا گوں مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پسماندگی،بے روزگاری اور ناسازگار حالات پیدا ہوئے ہیں لہٰذا ان کو قومی معاملات میں مکمل طور پر شامل کرنا اور ان کی احساسات کی ترجمانی کرنا ایک انتہائی احسن اقدام ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کی پسماندگی دور کرنا اوروہاں کے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت بے گھر ہونے والے قبائلیوں کے نقصانات کے ازالے اور آبادی و بحالی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں اور جمرود کے حالیہ دھماکہ میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کیلئے ملک کے دوسرے حصوں کے برابر معاوضوں کا اعلان کرکے ان کی محرومی اور احساس کمتری کاازالہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :