فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے 20کلو کے تھیلے کی قیمت میں10روپے اضافہ کر دیا

جمعرات 3 ستمبر 2015 20:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ،20کلو کے تھیلے کی قیمت 10روپے اضافہ سے 735روپے تک پہنچ گئی ۔

(جاری ہے)

فلور ملز ایسوسی ایشن کا اجلاس مرکزی چیئرمین عاصم رضا کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سرکاری گندم کا اجراء نہ ہونے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم رضا نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1280روپے سے 1300روپے فی من تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر مجبور ہوئے ۔ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10روپے اضافہ کیا گیا ہے جس سے ایکس مل قیمت 715روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 735روپے مقرر کی گئی ہے۔ فائن میدے کی 84کلو بوری کی قیمت میں 50روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔