Live Updates

مردار و حرام گوشت اور ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنیوالے مافیا کا ناپاک گٹھ جوڑ توڑ کر دم لیں گے ، ایسے مکرو ہ دھندے میں ملوث عناصر معاشرے کا ناسور اور سخت ترین سزا کے حقدار ہیں،انسداد ملاوٹ ٹاسک فورسز عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے، عوام کو زہرآلودخوراک کھلانا انسانیت کے خلاف جرم ہے ، مضر صحت اشیاء تیار کرنے والے یونٹس کے مالکان کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی لندن سے متعلقہ حکام کو ہدایات

جمعرات 3 ستمبر 2015 19:57

لندن /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ غیرمعیاری، بیمار، مردار اور حرام جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے، غیرمعیاری، بیمار، مردار اور حرام گوشت کی فروخت کا قبیح دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، مردار و حرام گوشت اور ملاوٹ شدہ و غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے مافیا کا ناپاک گٹھ جوڑ توڑ کر دم لیں گے۔

صوبے میں مکروہ کاروبار ہر صورت ختم کرایا جائے گا ۔ جمعرات کو وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لندن سے یہ ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادا رے حرام، مردارو مضرصحت گوشت اور ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں کیونکہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کی جگہ جیل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر معیاری، ناقص ، ملاوٹ والی اشیاء اور حرام گوشت فروخت کرنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر مثالی اور سخت ترین سزا کے حقدار ہیں۔

عوام کو زہر آلود اشیاء کھلانے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔ متعلقہ ادارے قبیح دھندے کے مکمل خاتمے کیلئے مربوط انداز میں کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری گوشت اور اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کی ذمہ داری بطریق احسن ادا کی جائے۔ اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور کسی کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں انسداد ملاوٹ مہم کیلئے 9 ٹاسک فورسز تشکیل دے دی گئی ہیں اور اب ان ٹاسک فورسز کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں اور عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر زہر کی تیاری و فروخت کا دھندہ بند کر انا ٹاسک فورسز اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور انہیں ہر قیمت پر اپنی ذمہ داری نبھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کے نام پر عوام کو زہرآلود اشیاء کھلانا انسانیت کے خلاف جرم ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ پہلے برداشت کی نہ اب کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے ساتھ مینوفیکچرنگ یونٹس کے مالکان کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات