پِپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمود سلیم محمود ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک ، نماز جنازہ میں قائمقام صدر رضا ربانی، قائمقام چیئرمین سینیٹ غفور حیدری اور دیگر اعلیٰ شخصیات کی شرکت

مرحوم سیکرٹری قومی اسمبلی ، سیکرٹریٹ پٹرولیم، سیکرٹری ایوان صدر سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے

جمعرات 3 ستمبر 2015 19:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) سابق وفاقی سیکرٹری اورپاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز( پی آئی پی ایس )کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمود سلیم محمود کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا، ان کی نماز جنازہ میں قائمقام صدر مملکت میاں رضا ربانی، قائمقام چیئرمین سینیٹ غفور حیدری، وفاقی وزیر امور کشمیر اور گورنر گلگت بلتستان، وزیر مذہبی امور سردار یوسف سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی، محمود سلیم محمود کو ایچ الیون کے قبرستان میں دفن کیا گیا اور ان کی نماز جنازہ کو مذکورہ قبرستان میں پڑھا جانے والا سب سے بڑا نماز جنازہ قرار دیا جا رہا ہے، مرحوم سیکرٹری قومی اسمبلی ، سیکرٹریٹ پٹرولیم، سیکرٹری ایوان صدر سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے اور وفات سے قبل پی آئی بی ایس کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے، ان کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والی دیگر اہم شخصیات میں محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی، رکن اسمبلی دانیال عزیز، خواجہ ظہیر و دیگر شامل تھے۔