جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں؛جاپانی سفیرہیروشی انوماتا

جاپان اور پاکستان آزار تجارت کا معاہدہ کرنے اور تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے پر توجہ دیں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہو گی؛صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس مزمل صابری

جمعرات 3 ستمبر 2015 19:37

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا نے کہا ہے کہ جاپان کے سرمایہ کار پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان توانائی بحران، انفراسٹرکچر کی ترقی اور سیکورٹی صورتحال کو بہتر کر کے کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرنے پر توجہ دے جس سے پاکستان میں جاپان کی سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار جاپان کے سفیر جناب ہیروشی انوماتا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشت کا سائز مدنظر رکھتے ہوئے جاپان اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور جاپان پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجارتی تعلقات کا فروغ پاکستان اور جاپان کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا سب سے بہتر ذریعہ ہے۔ جاپان کے سفیر نے کہا کہ جاپان کی کئی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں آٹو سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں جائنٹ وینچرز قائم کئے ہوئے ہیں جبکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان متعدد شعبوں میں مزید جائنٹ وینچرز قائم کرنے کے عمدہ امکانات پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کو تعلیم وصحت اور دوسرے شعبوں میں تعاون کر رہا ہے جبکہ ان کا ملک پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تقریبا 2ارب ڈالر کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جبکہ تجارت کا توازن جاپان کے حق میں ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جاپان اور پاکستان آزاد تجارت کا معاہدہ طے پانے کیلئے کوششیں تیز کریں اور تجارتی وفود کا تبالہ بڑھائیں جس سے باہمی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے رعایتی پیکیج کے تحت جاپان کو ایک سپیشل اکنامک زون اور کراچی میں ٹیکسٹائل سٹی قائم کرنے کی اجازت دے رکھی ہے لہذا انہوں نے جاپان کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ دیں۔

جاپان کی طرف سے کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی و لاہور میں زیر زمین میٹرو منصوبوں میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ جاپان کے سرمایہ کاروں کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے تا کہ جاپان پاکستان کے ان بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ترقی دینے میں فعال کردار ادا کر سکے۔

مزمل صابری نے یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان اور جاپان کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے جاپان کے سفارت خانے کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر،نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، میاں شوکت مسعود، ظفر بختاوری، باسر داؤد، خالد ملک ، نعیم الرحمان پراچہ اور دیگر نے بھی اپنے خطاب میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔مز فاطمہ عظیم نے کہا کہ جاپان پاکستان کے آٹو سیکٹر پر غالب ہے تاہم یہ پاکستانی معیشت کے دیگر شعبوں میں بھی اپنی موجودگی بڑھائے جو سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :