حکومتِ جاپان کی مالی گرانٹ سے تعمیر ہونے والے دو زچہ و بچہ مراکز ِ صحت کا افتتاح

جمعرات 3 ستمبر 2015 18:32

ِ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) حکومتِ جاپان کی مالی گرانٹ سے نوشہرہ کے دیہات خان کوئی اور دروازگئی میں تعمیر ہونے والے دو زچہ و بچہ مراکزِ صحت کا افتتاح پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی اِنوماتا نے کیا۔ اِن دونوں زچہ و بچہ مراکزِ صحت کی تعمیر کے لیے حکومتِ جاپان نے شعبہ صحت میں کام کرنیوالی غیر سرکاری تنظیم بیسک ڈویلپمنٹ نیڈز کو جاپانی سفارتخانے کے گراس روٹس ہیومن سیکورٹی پراجیکٹس پروگرام کے تحت 113,903 US$ کی مالی گرانٹ فراہم کی تھی ۔

نوشہرہ کے یہ دونوں دیہات اِس سے پہلے زچہ و بچہ کی صحت کی بہتر سہولیات سے محروم تھے جس سے علاقے کے لوگوں کو بہت مشکلات درپیش تھیں۔ زچہ و بچہ کی صحت کے یہ دونوں مراکز اب علاقے کے لوگوں کی ضروریات کو باآسانی پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

زچہ و بچہ مراکزِ صحت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوے جاپان کے سفیر ہروشی اِنوماتا نے سستی اور معیاری طبی سہولتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچے کی صحت مند پرورش کے لیے زچہ و بچہ کی دیکھ بھال بہت ضروری ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومتِ جاپان صحت کے شعبے کو بنیادی اہمیت دیتی ہے۔ جاپانی سفیر نے اِس اُمید کا اظہار کیا کہ موجودہ منصوبے سے نہ صرف علاقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود ہو گی بلکہ اِس سے جاپان اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔ جی جی پی پروگرام حکومتِ جاپان کے اِس یقین کی نشاندہی کرتا ہے کہ آج کی دنیا کو درپیش چیلنجز کے پیشِ نظر ترقیاتی امداد کو صرف حکومتوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ سول سوسائٹی کے زریعے نچلی سطح تک منتقل کیا جائے۔ 1989 میں شروع ہونے والے GGP پروگرام کے تحت حکومتِ جاپان اب تک پاکستان میں 340منصوبوں کے لیے 2.4بلین جاپانی ین فراہم کر چکی ہے۔