مسلم لیگ (ن) آزادجموں وکشمیر کے قائدین اور عہدادران کے اعزاز میں چوہدری برجیس طاہر کا عشائے کا اہتمام

ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور فائربندی کی خلاف ورزی پر مذمتی قرار دار منظور آزادجموں وکشمیر ریاستی اسمبلی کے انتخابات شفاف بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے ،چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعرات 3 ستمبر 2015 18:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کی جانب سے گزشتہ شام اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔عشائیے میں گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان ،وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر اعظم کے سیاسی مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی، ایم این اے ملک ابرار،ایم این اے چوہدری عا بد رضا، اپوزیشن لیڈر آزاد جموں وکشمیر اسمبلی راجہ فاروق حیدر اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر چوہدری طارق فاروق سمیت آزادجموں وکشمیر ریاستی اسمبلی کے ممبران ،ضلعی عہدادران اور عمائدین نے شرکت کی۔

چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے عشائیے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی بند کرے ورنہ اس کے خطے کی سلامتی کے لیے بڑے منفی نتائج برآمد ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستانی اور کشمیری عوام 1965ء والے جذبے کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر شہید ہونے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی 18کروڑ عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے ایل او سی پر رہائش پذیربہنوں اور بھائیوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

اُنہوں نے اس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات سے مسلم لیگ(ن) کی مقامی قیادت کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اُنہوں نے سیکرٹری اُمور کشمیر اور آزاد کشمیرحکومت کومل کرکوئی مربوط پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ جس کے مطابق وفاقی حکومت ایل او سی پر رہنے والوں کی حفاظت کے لیے کسی مربوط پروگرام پر عمل درآمد کر سکے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کی حفاظت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔

وفاقی وزیر نے آئندہ آزاد جموں وکشمیر ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی اولین کوشش یہ ہے کہ گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر کے ریاستی انتخا بات کو بھی شفافیت کے لحاظ سے مثالی بنایا جائے تاکہ کوئی فرد یا پارٹی الیکشن کی شفافیت پر اعتراض نہ اٹھا ئے۔اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت انتخابات سے متعلق مکمل طور پر آگاہ ہے اور مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر ان انتخابات میں حصہ لے گی۔

گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان نے عشائیے میں شریک عہدداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ واضح پالیسی اپنائی ہے اور حکومت کے لیے کوئی بھی ایسے مذاکرات قابل قبول نہ ہوں گے جن میں مسئلہ کشمیر ایجنڈے میں شامل نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ریاست آزادجموں وکشمیر کے آئندہ انتخابات میں آپ کو کامیابی صرف اور صرف آپ کے کردار ،اتفاق اور کارکردگی کی بنا پر حاصل ہو گی اُنہوں نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں جب آپ کا کردار مضبوط ہو گا اور اتفاق و اتحاد ہو گا تو کوئی طاقت بھی آپ کو زیر نہیں کرسکتی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیر سے متعلق واضح موقف اپنائے ہوئے ہے۔اُنہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر کے آئندہ ریاستی انتخابات میں ٹکٹ صرف ایمان دار اوردیانت دار اُمید واروں کو دیے جائیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پارلیمانی بورڈ تشکیل دیاجائے گا جو اُمیدواروں کا چناؤ میرٹ پر کرے گا۔

وزیر اعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر بھارتی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بھارتی جارحیت خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور ایسے بھارتی ہتھکنڈوں سے پاکستان کشمیر پر اپنے موقف سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) آئندہ ریاستی انتخابات میں گلگت بلتستان میں ہونے والے ریاستی انتخابات کی طرز پر شرکت کرے گی اور نظم وضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے انشاء اﷲ آزاد جموں وکشمیر ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔

آزادجموں وکشمیر ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدرنے مقبوضہ کشمیر سے متعلق واضح موقف اپنانے پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ حکومت پاکستان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر اُجاگر ہوا ہے ۔اُنہوں نے آئندہ ریاستی انتخابات سے متعلق مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت کو اپنے خدشات سے آگاہ کیا اور اپیل کی کہ ریاستی انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کی طرف سے بھارتی جارحیت اورجنگ بندی کی خلاف ورزی اور مذاکرات ملتوی کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پاس کی گئی۔

متعلقہ عنوان :