پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ماڈل ادارہ بنایا جائے گا‘خواجہ احمد حسان

جمعرات 3 ستمبر 2015 18:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ کے مشیر اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ ادارہ امراض قلب کو ایک ماڈل ہسپتال بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی،نئے اقدامات سے مریضوں کی مشکلات میں کمی آئی ہے اور ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے مکمل ہونے پر مریضوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔

وہ جمعرات کو ادارہ امراض قلب کے بورڈ آف مینجمنٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔خواجہ احمد حسان نے بورڈ کے نئے ممبران یاور عرفان خان اور ایس ایم تنویرکو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پی آئی سی کی بہتری میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے الائیڈ بنک کی طرف سے نئے ایمرجنسی بلا ک کے لئے ایک کروڑ روپے کے عطیہ اور اٹلی کی حکومت کی طرف سے ایکو اور انجیوگرافی مشینوں کے لئے 15.8کروڑ رو پے کی امداد کو سراہا۔

(جاری ہے)

خواجہ احمد حسان نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عظیم نیکی ہے۔ انہوں نے مخیرحضرات کی جانب سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔ خواجہ احمد حسان نے پی آئی سی کی نئی انتظامیہ کی جانب سے ہسپتال میں صفائی کے نظام ، انفیکشن کنٹرول ، باغبانی اور مریضوں کے لئے علاج معالجہ کی بہتر سہولیا ت کی فراہمی کیلئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے نئی پیتھالوجی لیب کا دورہ کیا اور کام کے معیار اوربروقت تکمیل پر پروفیسر ندیم حیات ملک ، ہیڈ آف دی انسٹی ٹیوشن پی آئی سی اور ڈاکٹر سہیل ثقلین میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ کو مبارک باد دی۔ انہو ں نے ایمرجنسی وا رڈ کابھی دورہ کیا اور مریضوں سے علاج کی سہولیا ت کے با رے میں معلوما ت حاصل کیں اور علاج معالجہ کے معیا ر پر اپنے اطمینان کااظہار کیا ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی سی پروفیسر ندیم حیات ملک نے کہا کہ نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر سے ہسپتال آنے والے مریضوں کیلئے ایمرجنسی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا۔ ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین نے کہا کہ مریضوں کی مشکلات کم کرکے ان کیلئے سہولیات میں اضافہ کرنا ادارہ امراض قلب کی نئی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :