کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے صوبائی اور وفاقی محکموں کے درمیان رابطہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے‘چیف سیکرٹری

بیرونی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے بے روزگاری کے خاتمہ اور معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی

جمعرات 3 ستمبر 2015 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کے حوالے سے صوبائی محکموں کی طرف سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا-وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کے حوالے سے صوبائی اور وفاقی محکموں کے درمیان رابطہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے - انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں- بیرونی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے بے روزگاری کے خاتمہ اور معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی- انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے موجودہ قواعد و ضوابط اور طریقہ کار میں بہتری لانے کی ضرورت ہے - اجلاس میں محکمہ خزانہ، قانون، منصوبہ بندی و ترقیاتی کے سیکرٹریز، وفاقی محکموں کے افسران ، ورلڈ بنک کے نمائندہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی-بعد ازاں چیف سیکرٹری نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے موقع پر بین الاقوامی سیمینار کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی- انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بین الاقوامی سیمینار کے لئے تمام انتظامات جلد مکمل کئے جائیں- انہوں نے کہا کہ سیمینار کے انعقاد سے صوبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے موقع اجاگر کرنے میں مدد ملے گی- اجلاس میں صوبائی وزیر تنویر اسلم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز خزانہ، اطلاعات ، سی اینڈ ڈبلیو، پی اینڈ ڈی ، کمشنرلاہورڈویژن اور متعلقہ حکام نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :