پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ‘مخدوم احمد محمود

حکمران ٹولہ کی نا اہلی اور غلط پالیسیوں کے باعث انکا ٹائی ٹینک ڈوبنے او ر اقتدار کے خاتمے کا وقت بہت قریب آن پہنچا ہے‘ سابق گورنر پنجاب

جمعرات 3 ستمبر 2015 17:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کے باعث انکا ٹائی ٹینک ڈوبنے اور اقتدار کے خاتمے کا وقت بہت قریب آن پہنچا ہے، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی سیاسی انتقامی بنیادوں پر بے بنیاد مقدمات میں گرفتاریوں سمیت آج ملک بھر کا ہر طبقہ سڑکوں پر احتجاج کر رہا ہے جبکہ جوڈیشنل الیکشن ٹریبونل کے انتخابی نتائج کے فیصلوں کے بعد جعلی مینڈیٹ کے ڈھو ل کا پول کھل کر قوم کے سامنے آ چکا ہے اگر یہی حالات اور انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کا انعقاد مارچ اپریل تک متوقع ہے یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور پیپلز لیبربیور و سینٹرل پنجاب کے سیکر ٹری اطلاعات محمد سلیم مغل کی قیادت میں آنے والے محنت کشوں کے ایک وفد سے گفتگو میں کہی کہ پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت اور حقیقی اپوزیشن ہے نوا ز شریف کے لیے بہتر ہو گا کہ وہ 90 کی دہائی کی سیاست کو دوبارہ دہرانے سے گریز کریں وگرنہ انکی انتقامی سیاست کے نتائج بھیانک نکلیں گے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بلیک میل کرنے کے لیے دہشتگردی کا الزام افسوسناک ہے کراچی آپریشن کو جس پر سب جماعتوں کا اتفا ق تھا جو ابتداء میں غیر سیاسی تھا مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت نے سیاسی بنا دیا ہے اور قلیل مدت کے سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لیے وفاقی ادارے انصاف ، قانون اور صوبائی خود مختاری کی دھجیاں اڑا رہے ہیں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر بنائے جانے والے جھوٹے مقدمات ہمارے حوصلے نہیں توڑ سکتے ماضی کی طرح اب بھی تمام مقدمات کا جرات مندی سے سامنا کرینگے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لیے پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی اور کے پاس ویثرن موجود نہیں ہم غیر جانبدارانہ احتساب کو ہمیشہ جمہوریت کا حصہ سمجھتے ہیں لیکن پاکستان میں اس کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ماضی میں بھی استعمال کیا گیا آج بھی یہی تاثر مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج کو کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں بننا چاہیے حکمرانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دیکھیں کہ کہیں ملکی حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتیں امن کو خراب کرنے کے در پے تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکشن 2013؁ء کے نتائج قبول نہ کرتے تو آج ملک میں جمہوریت نہ ہوتی پیپلز پارٹی کی شہید چیرپرسن محترمہ بینظیر بھٹوکی پالیسیوں کی وجہ سے نوا زشریف جدہ سے واپس وطن پہنچے اور آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسیوں کی وجہ سے آج نواز شریف وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز ہیں اور ان کی جماعت اقتدار میں ہے جو طالبان کو بچانے میں مصروف ہیں اور وہ بھارتی افواج کی سرحدوں پر جارحیت پر انکی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کی بجائے قوم کو تقسیم کر رہے ہیں ، تاریخ گواہ ہے کہ ہم معافی مانگ کر جدہ جانے والے نہیں پیپلز پارٹی کی قیادت اور رہنماؤں نے ہمیشہ ملک کے اندر رہ کر حالات اور آمریتوں کا مقابلہ کیا اور اس میں سرخرد ہوئے سیاسی انتقامی کاروائیوں کی بجائے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔

مخدوم احمد محمود نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے عدلیہ اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحتیں بروئے کار لائیں گے بلاول بھٹو زرداری وفاق پاکستان کی ضمانت ہیں اورآنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے۔

متعلقہ عنوان :