اٹھارویں ترمیم کی بدولت صوبوں کو اختیارات ملنے سے وفاق مزید مضبوط ہو ا، صوبو ں کو خود حاصل آئینی اختیارات کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا

قائمقام صدر میاں رضا ربانی کی بلوچستان کی جامعات کے اساتذہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعرات 3 ستمبر 2015 17:37

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) قائمقام صدر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کی بدولت صوبوں کو اختیارات ملے جو پاکستان کی آئینی تاریخ میں ایک اہم قدم تھا جس سے وفاق مزید مضبوط ہو ا اور کہا کہ صوبو ں کو خود حاصل آئینی اختیارات کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ جمعرات کوبلوچستان کی جامعات کے اساتذہ کے وفد سے ملاقات کے دوران قائمقام صدر میاں رضا ربانی نے کہا کہ مخصوص ذہنیت ، اختیارات کی صوبوں کو منتقلی میں رکاوٹ تھی اور یہ رویہ وفاق کیلئے خطر ناک ثابت ہو سکتا ہے۔

قائمقام صدر نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کوئی حرف آخر نہیں جہاں دشواریاں ہیں انہیں صوبے باہمی مشاورت سے دور کر سکتے ہیں اور جمہوری پارلیمانی نظام کے تسلسل کو وفاقیت کیلئے لازمی قرار دیا۔

(جاری ہے)

قائمقام صدر نے اساتذہ کرام سے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے وفاقی اکائیاں مشترکہ مفادات کونسل کو موثر فورم بنانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ اٹھارویں ترمیم کے تحت حاصل کامیابیوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے ۔قائمقام صدر نے بلوچستان کی جامعات کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وفاق اور بلوچستان کی جامعات کے درمیان باہمی تعاون مثبت قدم ہے جو قابل تعریف عمل ہے اس سے اعلیٰ تعلیم کو مزید فروغ ملے گا۔