وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ملاوٹ کے خلاف بھرپور مہم جار ی ہے، فوڈ اتھارٹی مفروضوں پر نہیں بلکہ حقائق پر مبنی کارروائی کرتی ہے؛ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین

ملاوٹ ناقابل ضمانت جرم تصور کیا جائے گا،سزا اور جرمانے کی رقم کو بھی بڑھا دیا گیا ہے،ملاوٹ کے خلاف مہم کو موٴثر بنانے کیلئے ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا؛ پریس کانفرنس

جمعرات 3 ستمبر 2015 17:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ملاوٹ کے خلاف بھرپور مہم جار ی ہے اس ضمن میں مہم کو موٴثر بنانے کیلئے ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیاگیا ہے اور ڈویژنل و ضلعی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ڈویژنل سطح پر عوامی نمائندے ، کمشنرز اور ضلعی سطح پر ڈی سی اوز سیکرٹری ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے آج 90شاہراہ قائداعظم پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری خوراک ڈاکٹر پرویز احمد، ڈی جی فوڈ اتھارٹی سجاد چوہان اور ڈائریکٹر آپریشن فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز بھی موجود تھیں۔صوبائی وزیر نے پریس کو بتایاکہ ملاوٹ ناقابل ضمانت جرم تصور کیا جائے گا۔ سزا اور جرمانے کی رقم کو بھی بڑھا دیا گیا ہے تاکہ عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے مطابق اشیاء ضروریہ فراہم ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فوڈ اتھارٹی مفروضوں پر نہیں بلکہ حقائق پر مبنی کارروائی کرتی ہے اور معیاری اشیاء صرف کی فراہمی کیلئے اس وقت پورے معاشرے میں اصلاح کی ضرورت ہے۔ پچھلے ڈیڑھ ماہ میں چھاپوں کے دوران پنجاب بھر میں 54ہزار سیمپل لئے گئے۔15سو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور حفظان صحت کے منافی اشیاء فروخت کرنے والوں کو ایک کروڑ 27لاکھ روپے جرمانے جبکہ 450کو گرفتار کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں بلاامتیاز ملاوٹ کے خلاف مہم جاری رہے گی اور کسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ فوڈ اتھارٹی کھلی اشیاء خوردنی اور پیک چیزوں کو بھی چیک کرتی ہے اور چھاپوں کے دوران اشیاء خوردنی ٹیسٹ کرنے کیلئے محکمہ کے پاس موونگ لیب بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ چھاپوں کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر فیس بک اور ڈیش بورڈ پر ڈال دی جاتی ہے تاکہ ریکارڈ رہے۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کو فعال بنانے کا مقصد عوام کو معیاری اور صحت مند اشیاء فراہم کرنا ہے۔ اس سے ناصرف ملاوٹ کے خلاف موٴثر سوچ پیدا ہوگی اور معاشرہ سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عالمی معیار کی اشیاء کی فروخت سے معاشی بہتری آئے گی اور تمام لوگوں کو کاروبار ملے گا۔

متعلقہ عنوان :